اسلام آباد : صدر آزاد کشمیر مسعود خان نے کہا ہے کہ کشمیریوں سے زمینیں چھین کر ہندوؤں کو آباد کیا جارہا ہے، مقبوضہ کشمیر پر سلامتی کونسل کا اجلاس ہونا عام بات نہیں۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے اسلام آباد میں برطانوی ارکان پارلیمنٹ کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خططاب کرتے ہوئے کیا۔
اس موقع پر صدر آزاد کشمیر مسعود خان اور برطانوی ارکان پارلیمنٹ نے جمعہ30 اگست کو برطانیہ کے ہائیڈ پارک سے بھارتی ہائی کمیشن تک کشمیریوں کے حق میں ریلی نکالنے کا اعلان کیا۔
انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر کے لوگ آزادی مانگ رہے ہیں،5اگست کو مقبوضہ کشمیر پر ایک نئی قیامت ٹوٹی، مقبوضہ کشمیر کیلئے جلد پوری دنیا میں ایک نیا جذبہ بیدار یوگا۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ کشمیریوں سے زمینیں چھین کر ہندوؤں کو آباد کیا جارہا ہے، مودی کہتا ہے کشمیریوں سے زمین چھین کر انہیں خوشحال کردوں گا، مقبوضہ کشمیر پرسلامتی کونسل کا اجلاس ہونا عام بات نہیں۔
قبل ازیں آزاد کشمیر کے صدر مسعود خان سے برطانوی ارکان پارلیمنٹ کے وفد نے ملاقات کی، اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بھارتی فوج مقبوضہ وادی میں نسل کشی کر رہی ہے۔
پانچ اگست کے اقدام کے بعد سے دنیا نے بھارت کے جھوٹے بیانیے کو مسترد کر دیا ہے جب کہ خود انڈیا کے اندر سول سوسائٹی اور معتدل صحافیوں نے بھارت کے جارحانہ بیانیے کی مخالفت اور معصوم کشمیریوں کے حقوق کی بات کی ہے۔