سری نگر: بھارت کی جانب سے کشمیری رہنما یاسین ملک کی جماعت جموں کشمیر لبریشن فرنٹ پر پابندی کے خلاف مقبوضہ وادی میں مکمل ہڑتال ہے۔
تفصیلات کے مطابق مقبوضہ کشمیر میں حریت قیادت کی اپیل آج مکمل شٹرڈاؤن ہڑتال کی جا رہی ہے، وادی میں کاروباری اور تجارتی مراکز بند ہیں۔
کشمیری رہنماؤں نے جموں کشمیر لبریشن فرنٹ پرپابندی کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ مقبوضہ کشمیر کی جماعتوں پرپابندی کشمیریوں کی جدوجہد کے خلاف بھارت کا انتقامی حربہ ہے۔
بھارت نے دو روز قبل حریت رہنما یاسین ملک کی جماعت جموں کشمیر لبریشن فرنٹ پرپابندی لگائی تھی۔
مقبوضہ کشمیر میں جماعتِ اسلامی پر پانچ سال کے لیے پابندی عائد
یاد رہے کہ جموں کشمیر لبریشن فرنٹ سے قبل بھارت مقبوضہ کشمیر میں جماعت اسلامی پر بھی پابندی لگا چکا ہے۔
واضح رہے کشمیر میڈیا کے مطابق گزشتہ ماہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج نے 27 کشمیریوں کو شہید کیا جبکہ پیلٹ گن، فائرنگ اور شیلنگ کے نتیجے میں 184 کشمیری زخمی بھی ہوئے۔
بھارتی فورسز کی جانب سے گزشتہ ماہ حریت رہنماؤں سمیت 681 شہریوں کو گرفتار کیا گیا اور 42 گھروں کو نقصان بھی پہنچایا گیا۔