سری نگر : مقبوضہ کشمیر میں دس روز سے جاری بھارتی مظالم اور سخت محاصرے کے بعد حریت رہنماسید علی گیلانی نے کشمیر میں امن کیلئے چار نکاتی فارمولا پیش کردیا، اس سلسلے میں انہوں نے عالمی رہنماوں کو خط لکھ دیا ہے جبکہ شہداء کی تعداد 45 سے زائد ہوگئی ہے۔
حریت رہنما سید علی گیلانی نے عالمی اداروں اور سربراہان مملکت کو خط ارسال کیا ہے، جس میں کشمیر میں قیام امن سے متعلق چار نکاتی فارمولا پیش کیا گیا ہے۔
مزید پڑھیں : مقبوضہ کشمیر: پاکستانی چینل دکھانے پر کیبل ٹی وی کی نشریات بند
انہوں نے چار نکات میں مطالبہ کیا ہے کہ جموں کشمیر کی متنازعہ حیثیت اور اس کے باشندوں کا حق خودارادیت تسلیم کیا جائے، آبادی والے علاقوں سے فوجی انخلا، عوام کُش فوجی قوانین کا خاتمہ کیا جائے، سیاسی قیدیوں کی رہائی اور مسئلہ کشمیر سے جڑے سیاسی مکاتبِ فکر اور حق خودارادیت کے حامی سیاسی رہنماوں کو سیاسی سرگرمیوں کی آزادی دی جائے اور اقوام متحدہ کےمبصرین اور انسانی حقوق کے عالمی اداروں کے نمائندوں کو کشمیر کا دورہ کرنے کی اجازت دی جائے۔
کشمیریوں کی آزادی کی تحریک دبانے کے لئے بھارتی بربریت کا سلسلہ دس روز سے جاری ہے، بھارتی فورسسز کی بے دریغ فائرنگ کے بعد معمولات زندگی معطل ہیں مقبوضہ وادی میں انٹرنیٹ،موبائل فون سروس تاحال معطل ہے جبکہ پاکستانی چینلز کی نشریات پر بھی پابندی عائد ہے، ادویات اور خوراک کی قلت پیدا ہوگئی ہے۔
مزید پڑھیں : مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم،کشمیری رہنما غلام نبی فائی کا بان کی مون کوخط
وادی کے تمام دس اضلاع میں کرفیو نافذ ہے، دس دنوں سے جاری مظاہروں کے سبب ریاست میں اسکول، کالجز اور یونیورسٹییاں بند کردی گئی ہیں، حریت کانفرنس کی جانب سے ہڑتال کی اپیل کا تیسرا دن ہے جبکہ حریت رہنما سید علی گیلانی، میرواعظ عمر فاروق، یاسین ملک اور دیگر کشمیری قیادت گھروں میں نظر بند ہے۔