موجودہ مالی سال کے ماہ اکتوبر میں برآمدات میں اضافہ ہوا ہے، اکتوبر 23 کے مقابلے میں اکتوبر 24 میں برآمدات میں 11 فیصد اضافہ ہوا۔
ادارہ شماریات نے تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ اس مہینے میں برآمدات 11 فیصد اضافے سے 2 ارب 98 کروڑ ڈالرزرہیں، ستمبر کے مقابلے میں اکتوبر میں برآمدات میں 5 فیصد کا اضافہ ہوا، ستمبر کے مقابلے میں اکتوبر میں درآمدی بل میں 1 فیصد کمی ہوئی۔
اکتوبر 24 میں تجارتی خسارہ 26 فیصد کمی سے 1 ارب 60 کروڑ ڈالرز رہ گیا، ستمبر 24 کے مقابلے میں اکتوبر 24 میں تجارتی خسارے میں 11.70 فیصد کمی آئی۔
برآمدات کی مد میں بیلنس آف پیمنٹ کے حوالے سے ادارہ شماریات نے بتایا کہ رواں مالی سال تجارتی خسارہ 4.12 فیصد کمی سے 7 ارب 8 کروڑ ڈالرز رہ گیا۔
اس سے قبل وفاقی ادارہ شماریات نے تجارتی اعداد و شمار جاری کرتے ہوئے بتایا تھا کہ اگست میں بھی ماہانہ بنیادوں پر برآمدات میں 18.90 فیصد اضافہ ہوا تھا۔
ادارہ شماریات کا کہنا تھا کہ اگست میں برآمدات کا حجم 2 ارب 74 کروڑ 30 لاکھ ڈالرز رہا، جولائی اور اگست میں برآمدات 5 ارب 5 کروڑ ڈالرز رہیں، اگست میں ماہانہ بنیادوں پر تجارتی خسارہ 12.03 فیصد کم ہوا۔