منگل, مئی 13, 2025
اشتہار

انوکھی واردات، کرائے کے پیسوں کے لیے کرائے دار نے کس کو لوٹا؟

اشتہار

حیرت انگیز

گوجرانوالہ: پنجاب کے شہر گوجرانوالہ میں کرائے دار نے کرایہ ادا کرنے کے لیے انوکھی واردات کر ڈالی، تاہم پولیس کے ہاتھوں گرفتار ہو کر اس کی ترکیب الٹی گلے پڑ گئی۔

اے آر وائی نیوز کے مطابق گوجرانوالہ کے علاقے جناح روڈ میں ملزم عثمان نے مکان کے کرائے کے پیسے نہ ہونے پر مالک مکان ہی کو نشانہ بنا کر لوٹ لیا، ملزم نے مالک مکان کو لوٹنے کے لیے برقع پہن کر واردات کی تاکہ پہچان نہ لیا جائے۔

گوجرانوالہ پولیس کا کہنا تھا کہ ملزم عثمان نے مالک مکان کو لوٹنے کی واردات برقع پہن کر کی، ملزم نے تیز دھار آلہ دکھا کر مالک مکان سے 39 ہزار روپے چھینے۔

گوجرانوالہ پولیس کے دردمند اہل کاروں نے واردات کرنے والے کرائے دار کی بیوی کو امدادی رقم دی

ڈی ایس پی عمران عباس چدھڑ نے بتایا کہ ملزم عثمان کو ڈکیتی کے جرم میں گرفتار کر لیا گیا ہے، اور اس کے خلاف ڈکیتی کا مقدمہ درج کیا گیا ہے، تاہم دوسری طرف پولیس اہل کاروں نے انسانیت کا بھی ایک اعلا ثبوت پیش کرتے ہوئے ملزم پر کرائے کی مد میں جمع ہونے والے بقایا جات اپنی جیب سے ادا کر دیے۔

ملزم عثمان کا کہنا تھا کہ لاک ڈاؤن کے باعث اس کے پاس کرایے کے پیسے نہیں تھے، اس لیے واردات کا خیال ذہن میں آیا۔ اس نے پولیس کو بتایا کہ وہ غربت اور بے روزگاری اور بچوں کو بھوکا دیکھ کر ذہنی مریض بن گیا تھا۔

پولیس اہل کاروں کو ملزم عثمان کے گھریلو حالات جان کر ترس آیا، اور اپنی جیب سے مالک مکان کو بقایا جات ادا کر دیے۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں