اکثر دفاتر میں دیکھا گیا ہے کہ کوئی ایک شخص یا گروہ ایسا ماحول بنادیتا ہے کہ دیگر افراد جو محنت پر یقین رکھتےہیں ان کا نہ صرف کام کرنا مشکل ہوجاتا ہے بلکہ کام کی بنیاد پر ترقی کرنے کا عزم بھی متزلزل ہوجاتا ہے۔
اکثر دفاتر میں اس طرح کے بدمعاش ہوتے ہیں جنہیں انگریزی میں آفس بُلی (office bully) کہتے ہیں، ان افراد کا سب سے بڑا ہتھیار ڈر اور خوف کا ماحول پیدا کرنا ہوتا ہے۔ یہ مسلسل اپنے ساتھیوں کی تذلیل کرکے، ان کے کام پر بے جا انگلیاں اٹھا کر، ان کو اپنے زیر اثر رکھنا چاہتے ہیں۔
دفتری بدمعاش اس طرح کا منفی ماحول بنا دیتے ہیں جس سے ان کے ارد گرد موجود افراد کا نہ صرف کام متاثر ہوتا ہے بلکہ جن ساتھیوں کو وہ ٹارگٹ کرتے ہیں ان کو ڈپریشن اور دیگر ذہنی امراض تک میں مبتلا کرسکتے ہیں۔
ایسا شخص دفتر میں اس قسم کے جارحانہ رویے سے ایسا منفی ماحول پیدا کردیتا ہے جس کی وجہ سے ادارے کی پیداواری صلاحیت میں کمی جبکہ تناؤ اور اضطراب میں اضافہ ہوجاتا ہے۔
یہ ایک سنگین مسئلہ ہے جس کے تدارک اور اسے حل کرنے کے لیے دفتر کے مختلف شعبہ جات کے ذمہ داران کو اس شخص کیخلاف مؤثر کارروائی کی ضرورت ہوتی ہے۔
دفتری بدمعاش کن طریقوں سے خوف کا ماحول بنا سکتا ہے :
۔ گفتگو کے دوران تحقیر آمیز رویہ: ایسا شخص اپنے ساتھیوں کو حقیر سمجھتے ہوئے توہین آمیز رویہ اپناتا ہے اور بلاوجہ ان کی تذلیل کرتا ہے۔
۔ خوف دلانا : ساتھیوں کو ڈرانے اور انھیں زیر اثر رکھنے کے خبط میں مبتلا شخص اپنا رویہ ناقابل یقین حد تک جارحانہ بناسکتا ہے اور بعض اوقات بلند آواز یا ہاتھوں کا استعمال کرتا ہے۔
۔ افواہیں پھیلانا : ایسا شخص دفتر میں ساتھیوں (کولیگز) کی ساکھ کو نقصان پہچانے کی غرض سے غلط معلومات یا ان کیخلاف بدنیتی پر مبنی افواہیں پھیلا سکتا ہے۔
۔ معلومات سے بے خبر رکھنا: دفتری بدمعاش کی کوشش ہوتی ہے کہ وہ ان ساتھیوں کو جو اسکے خلاف ہیں، انھیں دفتر میں ہونے والی اہم ملاقاتوں، معلومات سے بے خبر رکھنے کی کوشش کرتا ہے۔
۔ مائیکرو مینیجنگ : دفتر کے ساتھیوں کے کام پر مسلسل تنقید اور ان کے کام کی منفی انداز میں سخت نگرانی کرنا اور انہیں بار بار نااہلی کا احساس دلانا۔
۔ انتقامی کارروائی : دفتری بدمعاش کی کوشش ہوتی ہے کہ وہ ایسے کولیگز کو سزا دے یا جرمانہ عائد کرے جو اس کے غنڈہ گردی کے رویے کی شکایت متعلقہ بڑے افسران سے کرسکتے ہیں یا کرتے ہیں۔
من پسند افراد کو نوازنا : ایسا شخص بعض من پسند ساتھیوں کے ساتھ اچھا سلوک کرتا ہے، ان کی طرف داری کرکے دوسرے کولیگز کو پریشان کرتا ہے اور خوف کی فضا قائم کرتا ہے۔
۔ سرعام تذلیل : دفتری بدمعاش دوسرے لوگوں کے سامنے اپنے کولیگز پر تنقید کرکے انہیں شرمندہ اور رسوا کرتا ہے جس سے ان کی عزت نفس مجروح اور ان کی خود اعتمادی میں کمی آتی ہے، ایسا کرنے کا مقصد اپنی انا کو تسکین پہنچانا ہوتا ہے۔
۔ دھمکیاں : ایسے شخص کی کوشش ہوتی ہے کہ اگر کولیگز اس کی کوئی بات نہ مانیں تو وہ انہیں ملازمت سے نکلوانے ان کی ترقی میں روڑے اٹکانے یا دیگر سنگین نتائج کی دھمکیاں دیتا ہے۔
یاد رکھیں! دفتر میں اس قسم کی صورتحال سے نمٹنے کے لیے اور ہر ایک کے لیے ایک محفوظ اور باعزت روزگار کی جگہ بنانے کے لیے مضبوط لیکن ہمدردانہ انداز کی ضرورت ہوتی ہے۔
ایسے شخص سے کس طرح نمٹا جائے اس کے لئے اس سلسلے کا دوسرا مضمون آج شائع کیا جائے گا۔