ہفتہ, ستمبر 28, 2024
اشتہار

اگر دفتر میں کوئی گالی دے تو کیا کرنا چاہیے!

اشتہار

حیرت انگیز

اگر کسی ملازم کو اس کے دفتر یا کام کی جگہ پر بدزبانی یا دوسرے لفظوں میں گالم گلوچ کا نشانہ بنایا جائے تو اس کے لیے صورتحال کافی پریشان کن ہوجاتی ہے۔

ملازمین کے لیے بدزبانی ایک ہولناک تجربہ ہوتا ہے، صورتحال اس وقت مزید بدتر ہوجاتی ہے جب یہ گالم گلوچ یا بدزبانی کسی سینئرعہدے پر فائز شخص کی جانب سے کی جارہی ہو، اس سے نہ صرف آپ کا اعتماد ختم ہوجاتا ہے بلکہ یہ آپ کے لیے روزانہ ملازمت پر جانا کافی مشکل بھی بناسکتا ہے۔

اگر آپ بھی اپنے سیئنر کی طرف سے اس طرح کی زیادتی یا گالم گلوچ کا شکار ہیں تو ان اقدامات کو اپناتے ہوئے اس صورتحال سے نمٹ سکتے ہیں۔

- Advertisement -

ریکارڈ رکھیں

اگر کوئی شخص بدتہذیبی سے پیش آتا ہے یا گالی دیتا ہے تو سب سے پہلے تو اس بات کی تعین کریں کہ کس وجہ سے آپ کو بدزبانی کا نشانہ بنایا جارہا ہے، اس میں صرف چیخنا اور گالی دینا شامل نہیں ہے بلکہ یہ طنز، توہین، گھٹیا تبصرے، یا مسلسل آپ کو کام سے تنگ کرنے کی صورت میں بھی ہو سکتا ہے۔ ایک بار اس طرح کے عمل کی شناخت کرنے کے بعد اس کا ریکارڈ رکھنا شروع کریں۔

مذکورہ شخص کے اس برتاؤ کی تاریخ، وقت، واقعے کی تفصیلات، اور گواہ (اگر کوئی ہے) تو ان سب چیزوں کو نوٹ کریں، آگے کارروائی کرنے کی صورت میں یہ دستاویزات اہمیت کی حامل ہوں گی۔

پرسکون رہتے ہوئے تناؤ کے ماحول کو کم کرنے کی کوشش کریں

اگر کوئی آپ کے ساتھ زبانی طور پر برا رویہ اختیار کرے تو اس سے آپ مشتعل ہوسکتے ہیں لیکن غصے میں آپ کے ردعمل ظاہر کرنے سے سامنے والے کو مزید ایسا کرنے کے لیے تقویت ملے گی۔

اس صورتحال میں پرسکون رہنے کی کوشش کریں، ایک گہرا سانس لیں اور کسی بحث میں الجھنے سے حتی الامکان گریز کریں، اگر ممکن ہو تو خود کو اس صورت حال سے دور کرتے ہوئے وہاں سے چلے جائیں، جب آپ دماغی طور پر پرسکون ہوجائیں تو پھر واپس آجائیں۔

حدود کا تعین کریں

یہ ہر ملازم کا حق ہے کہ اس سے عزت کے ساتھ پیش آیا جائے، جب آپ کو اپنے سنیئر کے ساتھ اکیلے میں موقع ملے تو اسے شائستگی سے لیکن مضبوط لہجے میں بتائیں کہ ان کا رویہ ناقابل قبول ہے، آپ اس طرح سینئر کو سمجھا سکتے ہیں کہ ’’بات کرتے ہوئے آپ کا جو لہجہ اور انداز تھا یہ میرے لیے تکلیف دہ ہے، ہم اس مسئلے پرسکون طریقے سے بات چیت کرسکتے ہیں۔‘‘

ایچ آر ڈپارٹمنٹ کو مطلع کریں

اگر آپ کے ساتھ بدسلوکی یا گالم گلوچ کا عمل جاری ہے تو پھر ہیومن ریسورس ڈپارٹمنٹ کو اطلاع دینا ضروری ہے، اکثر کمپنیوں میں دھونس اور ہراساں کرنے کے عمل کو بالکل بھی برداشت نہیں کیا جاتا اور اس عمل کے ساتھ سخت پالیسی کے تحت نمٹا جاتا ہے۔ ایچ آر کے ساتھ میٹنگ کا شیڈول طے کریں اور اپنے دستاویزی ثبوت فراہم کرتے ہوئے صورتحال کی تفصیل سے وضاحت کریں۔

اپنے لیے حمایت حاصل کریں

اس صورتحال میں کسی ایسے شخص سے بات کی جاسکتی ہے جس پر آپ بھروسہ کرتے ہیں، گھبرانے کے بجائے دوست، خاندان کے فرد، یا کسی تھراپسٹ سے اس حوالے سے بات کریں کہ آپ کو دفتر میں کس طرح کی صورتحال درپیش ہے، اس سے آپ کو مذکورہ شخص کے خلاف کارروائی کرنے اور صورتحال سے نمٹنے میں مدد مل سکتی ہے۔

یاد رکھیں:

آپ تنہا نہیں ہیں، بدزبانی یا گالم گلوچ ایک ایسا مسئلہ ہے جو کئی افراد کو پیشہ ورانہ زندگی میں درپیش آتا ہے۔

اس میں آپ کی کوئی غلطی نہیں ہے، بدزبانی کرنے والے کی غلطی ہے، اس کے رویے نے صرف یہ بتایا ہے کہ وہ کس ذہنیت کا حامل ہے۔

آپ کو خاموشی سے یہ قبیح حرکت برداشت کرنے کی چنداں کوئی ضرورت نہیں ہے، آپ اس صورتحال سے نمٹنے اور اپنے آپ کو بچانے کے لیے چند اقدامات اٹھا سکتے ہیں۔

انتہائی خراب صورتحال ہو تو کیا کیا جائے؟

اگر بدزبانی کافی شدت کے ساتھ کی جارہی ہے یا اس میں تشدد کی دھمکیاں بھی شامل ہیں تو اس کی اطلاع فوری طور پر اپنے منیجر یا ایچ آر ڈپارٹمنٹ کو دیں۔

آپ ایسی صورتحال میں قانونی کارروائی پر بھی غور کرسکتے ہیں۔

اپنا خیال رکھیں

زبانی بدسلوکی کا نشانہ بننے پر آپ کی دماغی صحت متاثر ہوسکتی ہے، یہ یقینی بنائیں کہ آپ خود اپنا بہتر طریقے سے خیال رکھیں، صحت مند غذا کھائیں، باقاعدگی سے ورزش کریں اور بھرپور نیند لیں۔

تناؤ پر قابو پانے کے لیے آپ مراقبہ جیسی چیزیں کرسکتے ہیں یا گہری گہری سانس لینے کا طریقہ کار اپنا سکتے ہیں، ان تکنیکوں سے فرق پڑیگا۔

مذکورہ بالا اقدامات پر عمل کر کے آپ صورتحال پر قابو پاسکتے ہیں اور اپنے لیے ایک محفوظ، زیادہ باعزت کام کا ماحول بنا سکتے ہیں، یہ بات یاد رکھیں کہ آپ یا کوئی بھی ملازم اس بات کا مستحق ہے کہ اس کے ساتھ عزت اور احترام کا رویہ اپنایا جائے۔

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں