اسلام آباد: کورونا وائرس کے پیش نظر وزارت اوورسیز پاکستانی کا دفتر عارضی طور پر بند کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق وزارت اوورسیز پاکستانی کا دفتر کورونا وائرس کے بڑھتے خطرات کے تناظر میں بند رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
اس سلسلے میں باقاعدہ اعلامیہ جاری کرتے ہوئے بتایا گیا ہے کہ وزارت اوورسیز پاکستانی کا دفتر 14سے16اپریل تک بند رہےگا۔
اعلامیہ میں دفتر کی بندش کے باعث وزارت اوورسیز پاکستانی کے ملازمین کو گھروں سے کام کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: وزیر اعظم نے اوورسیز پاکستانیوں سے فنڈز کی اپیل کر دی
دوسری جانب وزیر اعظم عمران خان آج سے بیرون ملک پاکستانیوں سے رابطے کی بڑی مہم شروع کریں گے، حکومت کو کرونا وائرس کی روک تھام کے سلسلے میں مزید فنڈز کی ضرورت ہے جس کے لیے اوورسیز پاکستانیوں کو ایک بار پھر متحرک کیا جائے گا۔
وزیر اعظم نے اس سلسلے میں اپنے معاون خصوصی برائے اوورسیز زلفی بخاری سے مشاورت مکمل کر لی ہے، ذرایع کے مطابق وزیر اعظم عمران خان خود اوورسیز پاکستانیوں سے مخاطب ہوں گے، اور ہم وطنوں سے کرونا ریلیف فنڈز کے لیے عطیات کی اپیل کریں گے۔
اس مقصد کے لیے وزارت اوورسیز کے تعاون سے خصوصی ویب سائٹ بھی تیار کر لی گئی ہے، اس ویب سائٹ کے ذریعے اوورسیز پاکستانی بہ آسانی فنڈز دے سکیں گے، اوورسیز پاکستانیوں سے ویب سائٹ http://Covid.ophrd.gov.pk پر عطیات بھیجنے کی اپیل کی جائے گی۔
بتایا گیا ہے کہ فنڈز دینے والوں کی حوصلہ افزائی کے لیے ویب سائٹ پر ان کے نام بھی شائع کیے جائیں گے، ریلیف فنڈ میں ایک خاندان کی مدد کے لیے کم سے کم 35 ڈالر بھیجنے کی اپیل ہوگی، 35 ڈالر یا اس سے زیادہ کی رقم ماہانہ کی بنیاد پر بھی دی جا سکے گی۔