اسلام آباد: آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) کا کہنا ہے کہ ٹیکس عائد کرنے یا چھوٹ دینے کا دائرہ اختیار ایف بی آر کا ہے۔
اوگرا نے سیلز ٹیکس چھوٹ پر آئل ریفائنریز کے الزامات پر ردعمل میں کہا کہ آئل ریفائنریز نے ٹیکس چھوٹ کا معاملہ وفاقی حکومت کے سامنے اٹھایا، اتھارٹی ان کو ضروری سہولت فراہم کر چکی ہے اور وفاقی حکومت سے معاملے کے مناسب حل کی درخواست کی۔
یاد رہے کہ آئل ریفائنریز نے ٹیکس چھوٹ کے معاملے پر وزیر خزانہ محمد اورنگزیب سے مداخلت کی اپیل کی تھی، ریفائنریوں نے اوگرا کی جانب سے 7 ماہ میں معاملہ حل نہ کرنے کا الزام عائد کیا تھا۔
جمعرات کو 5 بڑی آئل ریفائنریز نے خط لکھ کر سیلز ٹیکس کے معاملے پر وزیر خزانہ سے مدد مانگی تھی۔ خط میں ان کا کہنا تھا کہ ریفائننگ انڈسٹری پر ٹیکسز سے مقامی ریفائنریز کی آپریشنل کاسٹ بڑھ گئی، قانون میں تبدیلی سے انفراسٹرکچر ڈیولپمنٹ اور اپ گریڈیشن منصوبے متاثر ہو رہے ہیں۔
خط میں مؤقف اختیار کیا گیا تھا کہ سیلز ٹیکس کا معاملہ آئل ریفائننگ انڈسٹری کی بقا کیلیے ضروری ہے، ٹیکسز کی وجہ سے براون فیلڈ ریفائننگ اپ گریڈیشن پالیسی کے اہداف متاثر ہو رہے ہیں، 7 ماہ سے پیٹرولیم ڈویژن اوگرا اور ایف بی آر سے مذاکرات کر رہے ہیں۔