اتوار, جولائی 6, 2025
اشتہار

اوآئی سی وزرائے خارجہ اجلاس، بھارتی جارحیت کی مذمت، اقوام متحدہ سے مداخلت کا مطالبہ

اشتہار

حیرت انگیز

اسلام آباد : او آئی سی کے وزرائے خارجہ کے اجلاس میں مقبوضہ کشمیرمیں جاری بھارتی بربریت کی مذمت کی گئی اور مسئلہ کشمیر پر بھارت سے سلامتی کونسل کی قراردادوں پرعملدرآمد کرانے کا مطالبہ کیا۔

ترجمان دفتر خارجہ نفیس زکریا کے مطابق اوآئی سی وزرائے خارجہ کونسل کے اجلاس میں شرکاء نے بھارت سے سلامتی کونسل کی قراردادوں کے تحت مسئلہ کشمیرکو حل کرنے کا مطالبہ کیا اور مقبوضہ کشمیرمیں جاری بھارتی ریاستی دہشت گردی کی شدید الفاظ میں مذمت کی گئی۔

او آئی سی کے وزرائے خارجہ کونسل نے مطالبہ کیا کہ اقوام متحدہ مقبوضہ کشمیرمیں خون ریزی روکنے میں اپنا کردارادا کرے اور کشمیریوں کو اقوام متحدہ کی نگرانی میں حق خود ارادیت دلوانے میں اپنا کردار بھرپور انداز سے ادا کرے۔

ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ اس حوالے سے او آئی سی کے وزرائے خارجہ کونسل اجلاس میں کشمیرمیں بھارتی مظالم کیخلاف قرارداد بھی منظور کی گئی جو 56 مملک پرمشتمل کونسل نے متفقہ طورپرمنظورکی اور مقبوضہ کشمیرمیں جاری تحریک آزادی کی حمایت کی۔

ترجمان دفترخارجہ کا کہنا ہے کہ او آئی سی کے وزرائے خارجہ نے نہتے کشمیریوں پر براہ راست گولیاں برسانے، پیلٹ گنز کے استعمال اور حریت پسند کشمیری رہنماؤں کی غیرقانونی حراست کی بھی مذمت کی جب کہ کشمیری شہداء اور ان کی جدوجہد کو خراج عقیدت پیش کیا گیا۔

خیال رہے کہ اسلامی ریاستوں کی عالمی تنظیم (او آئی سی ) کے وزرائے خارجہ کونسل کا 44 واں اجلاس براعظم افریقا کے ملک آئیوری کوسٹ کا سب سے بڑے شہر اور سابقہ دار الحکومت آبید جان میں جاری ہے۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں