اسلام آباد : پاکستان نے جدہ میں اسلامی تعاون تنظیم او آئی سی کیلئے مستقل مشن قائم کردیا ہے۔
اس حوالے سے ترجمان دفتر خارجہ ڈاکٹر محمد فیصل نے کہا ہے کہ اسلامی تعاون تنظیم کے مستقل مشن کیلئے رضوان سعید شیخ او آئی سی کا مستقل مندوب تعینات کیا گیا ہے۔
مستقل مشن کے قیام کا مقصد او آئی سی کیلئے موثر انداز میں کام کرنا ہے، ترجمان دفترخارجہ نے کہا کہ پاکستان او آئی سی کے بانی رکن کی حیثیت سے تنظیم کو اہمیت دیتا ہے۔
اس کے علاوہ پاکستان کشمیر اور امت مسلمہ کے معاملات پر او آئی سی کی حمایت کی قدر کرتا ہے۔
مزید پڑھیں : مسلمانوں کے حقوق کی بات پر دنیا اسلامی دہشت گردی کا نام لے کر جان چھڑاتی ہے، وزیر اعظم
یاد رہے کہ وزیر اعظم عمران خان نے دورہ امریکہ کے موقع پر نیویارک میں اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) رابطہ گروپ برائے کشمیر کے وفد کے سربراہان کے اعزاز میں عشائیہ دیا تھا۔
جس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا تھا کہ مسلمانوں کے حقوق کی بات پر دنیا اسلامی دہشت گردی کا نام لے کر جان چھڑاتی ہے، کشمیر کے 80 لاکھ افراد کی جگہ 80 لاکھ یورپی، عیسائی یا یہودی ہوتے تو عالمی برادری کا رد عمل کیا ایسا ہی ہوتا؟