اسلام آباد: آزاد کشمیر کے صدر سردار مسعود خان نے مطالبہ کیا ہے کہ اسلامی تعاون کی تنظیم(او آئی سی) کشمیریوں کی مدد کے لیے مؤثر اقدامات کرے۔
تفصیلات کے مطابق آزاد کشمیر کے صدر نے او آئی سی سمیت سعودی حکام پر بھی زور دیا ہے کہ وہ مسئلہ کشمیر کے حل کے لیے اپنا کردار ادا کریں۔ وادی میں بھارتی مظالم کا سلسلہ تاحال جاری ہے، کرفیو کے باعث نظام زندگی درہم برہم ہے۔
مسعود خان کا کہنا تھا کہ یواین کی قراردادوں کے مطابق مسئلہ کشمیر کا حل نکلا جائے، بھارت کشمیر میں جاری مظالم بند کرے، کشمیری عوام خود کو یتیم نہ سمجھیں ہم ہر محاذ پر مدد کریں گے، او آئی سی کمیشن میں مسئلہ کشمیر تفصیل سے پیش کر چکا ہوں۔
انہوں نے ایک بار پھر مطالبہ کیا کہ او آئی سی اور سعودی حکومت کشمیریوں کی مدد کرے۔
آکسفورڈ کونسل میں کشمیر سے متعلق قرارداد متفقہ طور پر منظور
خیال رہے کہ مودی اپنی جارحیت سے باز نہ آیا، آرٹیکل 370 کی منسوخی کے بعد مقبوضہ کشمیر میں کرفیو114 ویں روز بھی برقرار ہے، وادی میں اسکول، کالجز اور تجارتی مراکز بند ہیں، مقبوضہ وادی میں نظام زندگی پوری طرح مفلوج ہوچکا ہے۔
دوسری جانب آکسفورڈ کونسل میں مقبوضہ کشمیر کی صورت حال پر قرارداد متفقہ طور پر منظور کرلی گئی ہے، وادی میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر تشویش کا اظہار کیا گیا۔