ایران کی جانب سے اسرائیل پر سینکڑوں میزائل داغے جانے کے بعد عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں نمایاں اضافہ سامنے آیا ہے۔
اس حوالے سے آئل ٹریڈرز کا کہنا ہے کہ ایران کی جانب سے اسرائیل پر میزائل حملوں کے بعد مشرق وسطیٰ میں خام تیل کے حوالے سے صورتحال مزید کشیدہ ہوجائے گی۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق منگل کو عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے اور برینٹ کروڈ کے دسمبر کی ترسیل کے لئے سودے 13 سینٹ یا 0.18 فیصد اضافے کے بعد 71.83 ڈالر فی بیرل پر طے ہوئے۔
یو ایس ویسٹ ٹیکساس انٹرمیڈیٹ کے نومبر کی ترسیل کے لئے سودے 14 سینٹ یا 0.21 فیصد اضافے کے بعد 68.31 ڈالر کی سطح پر پہنچ گئے۔
رپورٹ کے مطابق امریکا میں خام تیل اور ایندھن کے ذخیرے میں 27 ستمبر کو ختم ہونے والے ہفتے کے دوران 21 لاکھ بیرل کی کمی متوقع ہے۔
تازہ ترین اطلاعات کے مطابق عالمی منڈی میں اب قیمتیں مزید بڑھ گئی ہیں اور بینچ مارکس میں دن بھر میں 5 فیصد سے زیادہ کا اضافہ دیکھنے میں آیا، جبکہ برینٹ 75.35 ڈالر فی بیرل پر ٹریڈ کر رہا ہے۔
مزید پڑھیں : ایران نے اسرائیل پر میزائلوں سے حملہ کر دیا
واضح رہے کہ ایران نے اسرائیل پر 400 سے زائد بیلسٹک میزائل داغے، ایرانی میڈیا کے مطابق ایران نے اسرائیل کی جانب 400 بیلسٹک میزائل اصفہان، تبریز، خرم آباد، کرج اور اراک سے فائر کیے جس کے بعد مقبوضہ بیت المقدس سمیت اسرائیل بھر میں سائرن بجنے لگے، میزائل حملوں کے بعد اسرائیلیوں نے بنکرز میں پناہ لی۔
اسرائیلی میڈیا کا کہنا ہے کہ اسرائیل کی فضائی حدود بند کردی گئیں اور ہوائی اڈوں پر موجود تمام مسافروں کو محفوظ مقامات پر منتقل کر دیا گیا۔
تہران ٹائمز کے مطابق ایران نے میزائل حملوں میں اسرائیل کے ایف 35 جہازوں کے اڈے نیو اٹم ایئر بیس کو نشانہ بنایا۔