کراچی : یوسف پلازہ کے قریب تیز رفتار آئل ٹینکر نے دو ننھے بچوں کی جان لے لی، موٹر سائیکل سوار باپ بھی شدید زخمی ہوگیا، ڈرائیور موقع سے فرار ہوگیا، مشتعل افراد نے آئل ٹینکر کے شیشے توڑ دیے۔
تفصیلات کے مطابق کراچی کی سڑکوں پر دندناتے آئل ٹینکر نے دو اور ننھی جانیں نگل لیں، اسکول سےوالد کے ساتھ گھر واپسی کاسفر ننھے علی اورعائشہ کا آخری سفربن گیا۔
یوسف پلازہ کے قریب تیزرفتار آئل ٹینکر نے موٹرسائیکل سوار شکیل اوراس کے دو بچوں آٹھ سالہ علی اور چھ سالہ عائشہ کو کچل دیا، ننھا علی اور عائشہ موقع پر ہی جاں بحق ہوگئے۔
والد شکیل احمد کو شدید زخمی حالت میں اسپتال پہنچایا گیا، واقعے اطلاع ملنے پر مرحومین گھر میں کہرام مچ گیا۔ حادثے کے بعد ٹینکر ڈرائیور موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا ۔
موقع پر موجود مشتعل افراد نے آئل ٹینکر کے شیشے توڑ دیے، پولیس نے ٹینکر تحویل میں لے کر ڈرائیور کی تلاش شروع کر دی ہے۔