کراچی : شہرقائد کے علاقے کورنگی میں تیزرفتارآئل ٹینکر بے قابو ہو کر مکان میں گھس گیا‘ جس کے نتیجے میں نوجوان لڑکی جاں بحق اور سات افراد زخمی ہوگئے‘ حادثے کے بعد آئل ٹینکر کا ڈرائیور فرار ہوگیا۔
تفصیلات کے مطابق کورنگی میں واقعہ دارالعلوم کے سے ملحقہ بنگالی پاڑے میں یہ حادثہ علی الصبح پیش آیا جہاں ایک تیز رفتار ٹینکر کا ڈرائیور اپنی رفتار پر قابو نہ رکھ سکا اور ایک مکان کی دیوار توڑتے ہوئے اہل خانہ کو کچل کر رکھ دیا ۔
حادثے کی اطلاع ملتے ہیں ریسکیو ادارے جائے وقوعہ پر پہنچ گئے اور مکان کے ملبے تلے اہلِ خانہ کو ملبہ ہٹا کر باہر نکالا اور طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کیا۔
واقعے کے نتیجے میں بیس سالہ نورین دورانِ علاج جاں بحق ہوگئی تھی جبکہ اس سانحے میں اس کےگھر مزید سات افراد زخمی ہوئے ہیں جنہیں طبی امداد فراہم کرنے کے لیے جنا ح اسپتال منتقل کیا گیا تھا ‘ اسپتال انتظامیہ کے مطابق زخمیوں کی حالت اب خطرے سے باہر ہے۔
حادثے کے بعد ٹینکر کا ڈرائیور کسی طرح باہر نکلنے اور فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا ‘ جائے حادثہ پر موجود عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ ٹرک ڈرائیور نشے میں دھت تھا اور اس سے ٹینکر کی رفتار پر کسی طور قابو نہیں پایا جارہا تھا۔
تفتیشی کارروائی مکمل ہونے کے بعد جب پولیس نے آئل ٹینکر کو جائے وقوعہ سے تھانے منتقل کرنے کی کوشش کی تو علاقہ مکین بھپر گئے اور پولیس کو آئل ٹینکر ہٹانے سے روک دیا۔اہلِ محلہ کا کہنا ہے کہ جب تک واقعے میں ملوث ڈرائیور سامنے نہیں آجاتا ‘ تب تک آئل ٹینکر لے جانے کی اجازت نہیں دیں گے۔
بعد ازاں علاقائی پولیس نے مظاہرین کو منتشر کرنے کے لیے ان پر شدید لاٹھی چارج کیا جس کے نتیجے میں مظاہرین منتشر ہوگئے۔
اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اوراگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیس بک وال پرشیئر کریں۔