مظفر گڑھ : ڈرائیور کی غفلت کے باعث ڈی جی خان روڈ پر آئل ٹینکر الٹ گیا، پولیس نے متاثرہ جگہ سیل کردی، ہزاروں لیٹر آئل ضایع ہونے لگا۔
تفصیلات کے مطابق پنجاب کے جنوبی شہر مظفر گڑھ کے ڈی جی خان روڈ پر 40 ہزار لیٹر آئل سے لدا ٹینکر ڈرائیور کی غفلت کے باعث الٹ گیا، جس کے نتیجے میں ڈرائیور زخمی ہوگیا اور ٹینکر سے کروڈ آئل بھی کر ضائع ہونے لگا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ حادثے کے بعد کسی امکانی واقعے سے بچنے کے لئے انتظامیہ کی جانب سے متاثرہ جگہ کو ٹریفک کے لیے بند کرنے کے ساتھ فائربریگیڈ کی گاڑیوں کو بھی جائے وقوعہ پر طلب کرلیا گیا۔
ذرائع کے مطابق ٹینکر کو سیدھا کرنے یا تیل کو کسی دوسرے ٹینکر میں منتقل کرنے کے لیے تاحال کوئی اقدامات نہیں کئے گئے ہیں۔
مزید پڑھیں : بہاولپور: آئل ٹینکر میں آگ لگنے سے 140 افراد جاں بحق
یاد رہے کہ سنہ 2017 میں عید الفطر سے ایک روز قبل 25 جون کو صوبہ پنجاب کے شہر بہاولپورمیں احمد پور شرقیہ کے نزدیک قومی شاہراہ پر تیل لے جانے والا ٹرک الٹ گیا تھا۔
ٹرک سے بڑی مقدار میں تیل بہنا شروع ہوگیا جس کے بعد قریبی آبادی موقع پر جمع ہوگئی اور تیل برتنوں میں بھر کر لے جانے لگی۔
اسی دوران اچانک ٹینکر میں دھماکہ ہوا جس کے بعد وہاں تیل جمع کرتے سینکڑوں افراد لمحوں میں آگ کی زد میں آگئے۔ حادثے میں ٹرک ڈرائیور سمیت ڈیڑھ سو سے زائد افراد ہلاک جبکہ متعدد زخمی ہوئے۔