اسلام آباد: حکومت کی جانب سے سیلز ٹیکس میں اضافے کے خلاف آئل ٹینکرز کی ہڑتال سے ملک بھر میں پیٹرولیم مصنوعات کا بحران سر اٹھانے لگا۔
آئل ٹینکرز کی ہڑتال کے باعث متعدد پیٹرول پمپس بند کردیئے گئے ہیں، آئل ٹینکر ایسو سی ایشن نے ملک بھر میں مطالبات منظور نہ ہونے تک سپلائی بند رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔
حکومت کی طرف سے ترسیل پر سیلز ٹیکس میں اضافے کے خلاف آئل ٹینکرز نے ملک بھر میں پٹرولیم مصنوعات کی فراہمی بند کر دی، جس کے باعث راولپنڈی اور اسلام آباد کے پیٹرول پمپس میں پیٹرول کی قلت کا سامنا ہے۔
قلت کی وجہ سے پیٹرول پمپس میں گاڑیوں کی قطاریں لگ گئیں، لاہور کے سہالہ ڈپو اور روالپنڈی کے ماہی ڈپو سے آئل ٹینکرز مالکان نے پیٹرول مصنوعات لے جانے سے انکار کر دیا، جس کے باعث پنجاب میں بھی پیٹرول کا بحران سر اٹھانے لگا ہے۔
کراچی میں بھی تیس فیصد پیٹرول پمپس پر پیٹرول کی فراہمی نہ ہونے کے باعث شہریوں کو مشکلات کا سامنا ہے، آئل ٹینکرز ایسوسی ایشن کے چیئرمین شبیر سلیمان جی کے مطابق آئل ٹینکرزکی ہڑتال کے باعث پمپس پر پٹرول ختم ہوا ہے۔