اوکاڑہ: پنجاب کے شہر اوکاڑہ میں ایک زیر تعمیر مکان کی چھت گرنے سے گھر میں موجود 5 افراد جاں بحق ہو گئے۔
تفصیلات کے مطابق اوکاڑہ شہر میں نیشنل ہائی وے گیمبر اڈا کے قریب نواحی گاؤں میں ایک مکان کی چھت گر گئی، گھر کے ملبے میں دب کر 5 افراد جاں بحق ہو گئے، واقعے میں ایک شخص زخمی ہوا ہے۔
ریسکیو ذرایع کا کہنا ہے کہ ملبے تلے دبی لاشیں نکال لی گئی ہیں جنھیں اسپتال منتقل کر دیا گیا، جاں بحق افراد میں ایک خاتون اور 2 بچے بھی شامل ہیں۔
ریسکیو ذرایع کا کہنا ہے کہ مکان زیر تعمیر تھا اور چھت پر ملبہ رکھا ہوا تھا جس کا لوڈ چھت برداشت نہ کر سکی اور چھت ڈھ گئی۔
ادھر وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے اوکاڑہ کے نواحی گاؤں میں چھت گرنے کے باعث قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر اظہار افسوس کرتے ہوئے لواحقین سے دلی ہم دردی اور تعزیت کی ہے۔
لاہورمیں مکان کی چھت گرگئی، میاں بیوی اور 2 بچے جاں بحق
وزیر اعلیٰ نے زخمی کو علاج معالجے کی بہترین سہولتیں فراہم کرنے کی ہدایت بھی جاری کی، اور کمشنر ساہیوال ڈویژن سے افسوس ناک واقعے کے بارے میں رپورٹ طلب کر لی۔