گزشتہ سے پیوستہ
ٹیم سرعام کی اینٹی نارکوٹکس اینڈ کرائم کنٹرول سوشل اوئیرنیس فاؤنڈیشن اور نیو کراچی پولیس کے ساتھ منشیات کے عادی افراد کیخلاف کارروائی میں نشہ کرنے والی خواتین بھی دھرلی گئیں، ایک بوڑھا شخص اپنے بیٹوں کا ذکر کرکے رو پڑا۔
ٹیم سرعام نے ایک ایسی خاتون کو پکڑا جو ایک مچھر دانی کے اندر پردے میں بیٹھ کر نشہ کررہی تھی، اس عورت کے قبضے سے سگریٹ کا پیکٹ بھی برآمد ہوا جس میں منشیات سے بھری سگریٹ اور لائٹرز موجود تھے۔ کارروائی کے دوران وہ عورت مسلسل رونے کا ڈرامہ کرتی رہی۔
اس دوران ٹیم سرعام کے پاس ایک بڑی عمر کا شخص آیا جس کے چہرے پر غربت اور پریشانی واضح طور پر عیاں تھی، اس نے بتایا کہ اس منشیات نے میرے گھر کو تباہ کردیا، میرے نشئی بیٹوں نے میرا گھر بیچ کر بڑھاپے میں مجھے دربدر کردیا اب وہ نشہ کرکے ادھر اُدھر پڑے رہتے ہیں۔
واضح رہے کہ اقوام متحدہ کی ایک رپورٹ کے مطابق اس وقت دنیا میں 20 کروڑ سے زائد افراد منشیات کے نشے کے عادی ہیں۔
رپورٹ کے مطابق منشیات کا استعمال دنیا بھر میں سب سے زیادہ امریکا میں ہوتا ہے۔ ہیروئن کے استعمال میں تعداد کے حوالے سے ایشیا سرفہرست ہے۔
اس وقت پوری دنیا میں منشیات کی سب سے زیادہ مانگ یورپ میں ہے۔ جہاں تقریباً 75 فیصد لوگ ذہنی دباؤ اور دیگر امراض سے وقتی سکون حاصل کرنے لیے منشیات کا سہارا لیتے ہیں۔
وطن عزیز پاکستان میں سب سے زیادہ استعمال بھنگ، حشیش، چرس، ہیروئن اور شراب کی صورت میں کیا جاتا تھا جس نے اب مزید جدت اختیار کرلی ہے۔