جمعہ, جون 28, 2024
اشتہار

88 سالہ بوڑھے کو 2 بینک ڈکیتیاں کرنے پر عدالت نے قید کی سزا سنا دی

اشتہار

حیرت انگیز

مونٹانا: امریکی ریاست مونٹانا میں ایک بوڑھے آدمی کو 2 بینک ڈکیتیاں کرنے پر عدالت نے قید کی سزا سنا دی۔

امریکی میڈیا رپورٹس کے مطابق جمعرات کو ریاست مونٹانا کے رہائشی 88 سالہ اسٹیون وائٹ کلاؤڈ کو گزشتہ برس اگست میں 2 بینک ڈکیتیوں میں کردار پر 2 سال قید کی سزا سنائی گئی۔

مونٹانا کے یو ایس اٹارنی کے مطابق اسٹیون وائٹ کلاؤڈ نے فروری میں صرف ایک بینک ڈکیتی کا جرم قبول کر لیا تھا، امریکی ڈسٹرکٹ جج سوسن واٹرس نے کیس کی سنوائی مکمل ہونے پر وائٹ کلاؤڈ کو دو سال قید کی سزا سنائی، جب کہ رہائی کے بعد بھی اسے تین سال تک نگرانی میں رہنا پڑے گا۔ عدالت نے وائٹ کلاؤڈ پر 3,092 ڈالر کا جرمانہ بھی عائد کیا۔

- Advertisement -

عدالتی دستاویزات کے مطابق 24 اگست 2023 کو وائٹ کلاؤڈ کا شریک 26 سالہ ملزم پیٹرک جسٹس ایک امریکی بینک میں داخل ہوا اور کیشیئر کو ایک پرچی دی جس پر رقم کا مطالبہ کیا گیا تھا، ڈکیتی کے بعد وہ ایک سبز رنگ کی گاڑی میں فرار ہو گیا۔

چار دن بعد پیٹرک جسٹس ایک ویلز فارگو بینک میں داخل ہوا اور دوبارہ کیشیئر کو ایک پرچی دی جس میں رقم کا مطالبہ کیا گیا تھا، جسٹس نے دھکمی بھی دی کہ وہ مسلح ہے جس پر کیشیئر نے اسے پیسے دے دیے، تاہم پولیس بھی موقع پر پہنچ گئی انھوں نے پیٹرک جسٹس کو ایک سبز رنگ کی فورڈ ٹورس میں داخل ہوتے دیکھا۔ تعاقب کے بعد پولیس نے گاڑی کو روک لیا، گاڑی وائٹ کلاؤڈ چلا رہا تھا جب کہ پیٹرک جسٹس اس میں بیٹھا ہوا تھا، پولیس نے دونوں کو حراست میں لے لیا۔

حکام کے مطابق دونوں نے دونوں ڈکیتیوں میں مجموعی طور پر 15 ہزار ڈالر لوٹے تھے۔ یہ بھی معلوم ہوا کہ پیٹرک جسٹس دوسرے مجرم وائٹ کلاؤڈ کا پوتا ہے۔ وائٹ کلاؤڈ کو 2008 میں بھی بینک ڈکیتی کے جرم میں 10 سال کی سزا سنائی گئی تھی۔

وائٹ کلاؤڈ صحت کے سنگین مسائل سے بھی دوچار ہے، انھیں اسٹیج 5 کا پھیپھڑوں کا کینسر ہے، ہیپاٹائٹس سی اور ہائی بلڈ پریشر ہے، گٹھیا کا مرض بھی لاحق ہے، نقل و حرکت کے لیے انھیں اضافی آکسیجن کے استعمال کی ضرورت پڑی ہے۔

امریکی اٹارنی نے سزا والے میمورنڈم کو پڑھ کر سناتے ہوئے کہا کہ اگرچہ وائٹ کلاؤڈ کی حالت خستہ ہے، لیکن تمام تر بیماریوں اور کمزوری کے باوجود اس نے خود کو کمیونٹی کے لیے ایک اہم خطرہ ثابت کیا ہے۔ ان کے پوتے کو بھی دو سال کی قید کی سزا سنائی گئی۔

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں