کراچی: جناح ٹرمینل جانے والے شہری ہوشیار ہو جائیں، کراچی ایئر پورٹ پر وزیٹرز کو پارکنگ فیس کی وصولی کے بعد پرانی رسیدیں تھمانے کا انکشاف ہوا ہے۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق کراچی ایئر پورٹ پر پارکنگ فیس کی رسیدوں میں گڑبڑ کی جا رہی ہے، یہ انکشاف کراچی ایئر پورٹ کے ایک ملازم نے کیا۔
ایئر پورٹ ملازم نے کہا کہ جناح ٹرمینل سے نکلتے ہوئے پارکنگ فیس کی رسید ضرور حاصل کریں، اور رسید پر دی گئی رقم، تاریخ اور وقت کی بھی ضرور جانچ کر لیں۔
ملازم نے بتایا کہ میں نے 90 روپے فیس دی جس کی رسید تو دی گئی مگر جب میں نے دیکھا تو وہ پرانی تھی، مجھے ایک دن پہلے کی رسید تھما دی گئی تھی۔
ایئرپورٹ ملازم نے خدشہ ظاہر کیا کہ پرانی رسیدیں دینے کا مقصد ہے کہ یہ سارا پیسہ ان کے اپنے اکاؤنٹس میں جا رہا ہے۔