ہفتہ, جنوری 18, 2025
اشتہار

پرانی سبزی منڈی کے پارک میں جھولا گر گیا، ایک بچی جاں بحق، متعدد زخمی

اشتہار

حیرت انگیز

کراچی : پرانی سبزی منڈی پر تفریحی پارک میں جھولا گرگیا، جس کےباعث دس سالہ  بچی جاں بحق اور اٹھارہ سے زائد افراد زخمی ہوگئے۔

تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے پرانی سبزی منڈی پر قائم پارک میں جھولا گر گیا، حادثے میں ایک دس سالہ  بچی جاں بحق اور اٹھارہ سے زائد افراد زخمی ہوگئے، مذکورہ بچی کا نام کشف ولد عبدالصمد ہے، اطلاع ملتے ہی ریسکیو ٹیمیں،رینجرز اور پولیس موقع پر پہنچ گئی۔

- Advertisement -

کئی افراد جھولا گرنے کے بعد بھگدڑ سے بھی زخمی ہوئے، زخمیوں کو قریبی اسپتال منتقل کیا جارہا ہے،  زخمیوں میں دو خواتین کی حالت تشویشناک بتائی جارہی ہے ، پولیس نے تفریحی پارک سے شہریوں کو باہر نکال کر پارک کو شہریوں کی آمدورفت کیلئےبند کردیا ہے، زخمیوں کی تعداد میں اضافہ ہوسکتا ہے۔

اتوار کے روز چھٹی کے باعث مذکورہ پارک میں شہریوں کی بڑی تعداد موجود تھی، حادثے کا شکار ہونے جھولے کو اٹھانے کے لیے کرین کو بھی پہنچادیا گیا ہے۔

حادثے کے بعد انتظامیہ اور عملہ غائب ہوگیا، ابتدائی طور پر لوگوں نے اپنی مدد آپ کے تحت جھولے کے نیچے دبنے والوں کو نکالا اور ذاتی گاڑیوں کے ذریعے مختلف اسپتالوں میں منتقل کیا۔

عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ جھولا چلتے ہوئے گرا ہے،اس کی تمام سیٹیں بھری ہوئی تھیں، جبکہ ذرائع کا کہنا ہے کہ جب سے پارک کھلا ہے تب سے جھولوں کی مینٹیننس نہیں ہوئی اور نہ ہی اس کے اطراف کوئی حفاظتی اقدامات کیے گئے تھے۔

ایڈینشنل جنرل سندھ پولیس ( آئی جی) نے سینئر سپرنٹنڈنٹ پولیس (ایس ایس پی) ایسٹ کو فوری ریسکیو اقدامات کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ زخمیوں کو فوری طبی امداد کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔

نمائندہ اے آر وائی نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے ایس پی گلشن مرتضی بھٹو نے بتایا کہ جھولا گرنے کی تحقیقات کررہے ہیں، واقعہ کی تحقیقات کیلیے عسکری پارک کی انتظامیہ کو طلب کرلیا گیا ہے، غفلت برتنے والے عملہ اور ذمہ داران کیخلاف قانونی کارروائی کی جائے گی۔ یاد رہے کہ تفریحی پارک کو عوام کیلئے عیدالفطر پر کھولا گیا تھا۔

نگراں وزیر اعلیٰ سندھ فضل الرحمان نے واقعے کا نوٹس لے لیا

نگراں وزیراعلٰی سندھ فضل الرحمان نے اےآر وائی نیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حادثے سے متعلق تھوڑی دیر پہلے کمشنر نے بتایا ہے، کمشنر کو کہا ہے کہ3روزمیں مجھے تفصیلی رپورٹ پیش کریں، نگراں وزیراعلیٰ سندھ کا کہنا تھا کہ انتظامیہ کو مذکورہ پارک سمیت سندھ بھر کے پارک اور جھولے بند کرنے کا کہہ دیا ہے، کراچی سمیت پورے سندھ کے پارکس کی جانچ پڑتال ہوگی۔


خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں‘مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔ 

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں