مسقط: منسٹری آف کامرس اینڈ انویسٹمنٹ پروموشن نے کاروباری سرگرمیاں بند کرنے والوں کی کمرشل رجسٹریشن منسوخ کرنے کا اعلان کیا ہے۔
تجارت، صنعت اور سرمایہ کاری کے فروغ کی وزارت کے مطابق ایسی کمرشل رجسٹریشن بھی منسوخ کی جائیگی جس کے لائسنس کی میعاد ختم ہو چکی ہے، ذرائع نے انکشاف کیا کہ حکومت کے ایکشن کے بعد منسوخ شدہ تجارتی رجسٹریشنز کی تعداد 3,415 تک پہنچ چکی ہے۔
کمرشل رجسٹریشن کے حوالے سے اس اقدام کا مقصد اس بات کو یقینی بنانا ہے کہ تمام فعال تجارتی رجسٹریشن آپریشنل رہیں اور موجودہ قوانین کی تعمیل کریں۔
ڈائریکٹر جنرل آف کامرس مبارک بن محمد الدوہانی نے کہا کہ منسوخ شدہ رجسٹریشن ان کمپنیوں کے لیے ہے جنھوں نے کام کرنا بند کر دیا ہے یا 1970 سے 1999 تک جن کے لائسنس کی میعاد ختم ہو چکی ہے۔
انھوں نے مزید کہا کہ منسوخ شدہ کمپنیوں میں مشترکہ اسٹاک کمپنیاں یا انفرادی تاجر شامل نہیں ہیں، یہ اقدامات مارکیٹ کے ضابطے کے لیے اہم ہیں،
مبارک بن محمد الدوہانی کا کہنا تھا کہ یہ اقدام سلطنت عمان میں چلنے والے کاروبار سے متعلق اعداد و شمار اور اسٹیسٹکس کی درستگی کو یقینی بنائے گا۔ انھوں نے بتایا کہ دوسرے مرحلے میں2000 سے 2018 تک کمپنیوں کا جائزہ لیا جائے گا۔
ڈائریکٹر جنرل نے وضاحت کی کہ رجسٹریشن منسوخ کرنے کا فیصلہ کمرشل رجسٹر قانون نمبر (3/74) پر مبنی ہے، جو آرٹیکل 15 میں بیان کیا گیا ہے۔