کراچی: عمان کا بحری جہاز سیلاب متاثرین کے لیے امدادی سامان لے کر کراچی بندرگاہ پہنچ گیا۔
تفصیلات کے مطابق رائل عمانی بحریہ کا جہاز الناصر کراچی بندرگاہ پر لنگر انداز ہو گیا ہے، یہ جہاز حکومت عمان کی طرف سے سیلاب متاثرین کے لیے امدادی سامان لے کر پہنچا ہے۔
سیلاب متاثرین کے لیے امدادی سامان میں کھانے پینے کی اشیا، ادویات، کمبل اور خیمے شامل ہیں، وفاقی وزیر بحری امور فیصل سبزواری نے بحری جہاز کا کراچی بندرگاہ پر استقبال کیا۔
اس موقع پر کراچی میں عمان کے قونصل جنرل سمیع عبداللہ سلیم الخنجاری، وزارت خارجہ اور نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کے نمائندے بھی بندرگاہ پر موجود تھے۔
پاکستان کی جانب سے عمان کے امدادی جہاز کا گرم جوشی کے ساتھ خیر مقدم کیا گیا۔ ضرورت کی اس گھڑی میں عمانی امداد دونوں ممالک کے درمیان برادرانہ تعلقات کا مظہر ہے۔