ہری پور: اپوزیشن لیڈر عمر ایوب نے صدر آصف زرداری پر سندھ کا پانی بیچنے کا الزام لگادیا، سندھ کے عوام کی پیٹھ میں خنجرگھونپا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق اپوزیشن لیڈر عمر ایوب کے مرکزی دفتر میں پی ٹی آئی کنونشن کا انعقاد ہوا، کنونشن میں جنید اکبر ،علی اصغر خان ،صوبائی وزرا اور ایم پی ایز نے شرکت کی۔
اپوزیشن لیڈر نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی سمیت سیاسی اسیران کو رہا کیا جائے، پی ٹی آئی جمہوری پارٹی ہے اختلافات ہوتے رہتے ہیں۔
انھوں نے الزام عائد کیا کہ آصف زرداری اور پیپلز پارٹی نے سندھ کا پانی بیچ دیا ہے، سندھ کے عوام کی پیٹھ میں خنجرگھونپا گیا ہے۔
رہنما پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ سندھ میں پانی کا بحران،بلوچستان میں امن و امان خراب ہے، ہمیں گرفتار کیاگیا،تشدد کانشانہ بنایاگیا،ہم نے جمہوری طریقہ اپنایا، بانی پی ٹی آئی کی رہائی کیلئےہر کال پر لبیک کریں گے۔
دوسری جانب پی ٹی آئی خیبرپختونخوا کے صدر جنید اکبر نے خبردار کیا کہ کارکن قیادت کے بغیر نکلے تو سنبھالنا مشکل ہوجائے گا، اداروں اور عوام کے درمیان فاصلے کم ہونے چاہئیں۔
ان کا کہنا تھا کہ بانی کی رضامندی کے بغیر صوبائی حکومت منرل مائنزبل پاس نہ کرے، بل پاس ہواتو ایسا نہ ہوصوبائی حکومت اور صوبائی تنظیم علیحدہ ہو جائے۔