اسلام آباد : وفاقی وزیر توانائی عمر ایوب نے کراچی کو فراہم بجلی ملک میں سب سے زیادہ سستی قرار دے دی اور کہا کےالیکٹرک کا ٹیرف ملک کے دیگر حصوں سے کم ہے، کےالیکٹرک کو اسوقت ساڑھے800میگاواٹ دے رہے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق قومی اسمبلی اجلاس میں شاہدہ رحمانی کے کے الیکٹرک سے متعلق سوال پر وفاقی وزیر توانائی عمر ایوب نے جواب میں کراچی کو فراہم بجلی ملک میں سب سے زیادہ سستی قراردے دی۔
عمر ایوب نے کہا کہ کےالیکٹرک کا ٹیرف قومی ٹیرف سے ساڑھے 3روپے کم ہے، اس ٹیرف کو ہم نے ریشنلائز کرنا ہے ، نیپراکےمطابق کےالیکٹرک نے گرڈ نظام پرسرمایہ کاری نہیں کی۔
وفاقی وزیر توانائی کا کہنا تھا کہ سندھ کے رکن نےسفارش کر کے کے الیکٹرک کے جرمانے کم کرائے، کے الیکٹرک کو 500 کے وی گرڈ بنانے کا کہا ہے اور ہم 850میگا واٹ کے الیکٹرک کو نیشنل گرڈ سے دے رہے ہیں۔
انھوں نے کہا کہ پاورپلانٹ کیلئے40ہزارٹن آر ایف او کےالیکٹرک کو دیاگیا ہے ، کراچی کے شہریوں کا احساس ہے ، عمران خان کا حکم تھا کہ کراچی کے شہریوں کو سہولتیں دینی ہیں۔
عمر ایوب کا کہنا تھا کہ کے الیکٹرک نے بروقت آئل نہ منگوایا ، ہم نے انہیں سہولت فراہم کی، کے الیکٹرک کا ایل این جی پلانٹ آئندہ سال آئےگا جس سے بہتری ہوگی، این ٹی ڈی سی کو مبارکباد کل 23 ہزار 300 میگاواٹ ترسیلی لائن میں گئے، 23ہزارمیگاواٹ ترسیلی لائن میں جانا تاریخ میں سب سے زیادہ ہے۔
وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ ہماری توجہ دیہی علاقوں اور شہروں میں ٹرانسفارمر مہیا کرنا ہے، گزشتہ اتنے ادوار میں نظام پر کسی نے کام نہ کیا، جس پراسپیکر اسد قیصر نے ہدایت کی کہ پورے پاکستان میں نظام کی بہتری کی فزیبلٹی بنائیں۔