ممبئی: بالی وڈ کے سُپر اسٹار اکشے کمار نے فلم ’اوہ مائی گاڈ‘ کے سیکوئل کیلیے معاوضہ نہ لے کر مداحوں کے دل جیت لیے۔
بھارتی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق اکشے کمار کی متنازع فلم ’اوہ مائی گاڈ 2‘ کو کڑی تنقید کا سامنا کرنا پڑا اور یہی وجہ ہے کہ اس نے باکس آفس پر اب تک صرف 100 کروڑ روپے کمائے ہیں۔
یہ بھی رپورٹس سامنے آئیں کہ اکشے کمار نے زیادہ فیس کا مطالبہ کیا جس کی وجہ سے فلمسازوں کو سیکوئل کے بجٹ میں اضافہ کرنا پڑا۔
تاہم اب فلم کے پروڈیوسر اجیت اندھر نے حقیقت بیان کرتے ہوئے واضح کر دیا کہ اکشے کمار نے فلم کیلیے ایک پائی بھی وصول نہیں کی۔
انہوں نے بتایا کہ فلم کے بجٹ میں اضافے کی خبریں بھی مبالغہ آرائی پر مبنی ہیں، اداکار فلم میں مالی اور تخلیقی دونوں خطرات میں ہمارے ساتھ رہے۔
اجیت اندھر کے مطابق ہم ہر طرح سے فلم میں شمولیت پر سُپر اسٹار کے مشکور ہیں، ایک طویل عرصے سے ہمارے ان کے ساتھ بہترین تعلقات ہیں اور ان کے ساتھ فلم ’ٹوائلٹ: ایک پریم کتھا‘، ’اوہ مائی گاڈ‘ اور ’اسپیشل 26‘ میں کام کیا۔
دوسری جانب سے یہ بھی رپورٹس ہیں کہ فلم کا کُل بجٹ 50 کروڑ روپے سے زیادہ نہیں ہے تاہم اس حوالے سے فلمسازوں کی جانب سے کوئی باضابطہ بیان جاری نہیں کیا گیا۔