اسلام آباد: حکومت کی جانب سے آن ارائیول ویزے کے اعلان کے باوجود غیر ملکی شہری کو اسلام آباد ایئر پورٹ سے ڈی پورٹ کر دیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق اسلام آباد ایئر پورٹ سے ملائیشین شہری کو ایف آئی اے نے ڈی پورٹ کر دیا، حکومت کی جانب سے آن ارائیول ویزے کا اعلان بھی کیا جا چکا ہے۔
چن چینگ پرواز ای وائی 233 پر ابوظبی سے اسلام آباد پہنچا تھا، امیگریشن کاؤنٹر پر ملائیشین شہری اور ایف آئی اے حکام میں بحث و تکرار ہوئی۔
چن چینگ کا کہنا تھا کہ حکومتی ویب سائٹ پر ویزا آن ارائیول ملائیشین شہریوں کو دینے کا اعلان کیا گیا ہے، اسی وجہ سے ویزا حاصل نہیں کیا۔ تاہم ایف آئی اے نے ملائیشین شہری کو پرواز ای وائی 234 سے واپس روانہ کر دیا۔
یہ بھی پڑھیں: پاکستان آنے کے خواہش مند سیاحوں نے آن لائن ویزا کا استعمال شروع کردیا
دوسری طرف ایف آئی اے حکام کا کہنا ہے کہ آن ارائیول ویزے کے لیے اسپانسر یا چیمبرز آف کامرس سے منظوری لازمی ہے۔
خیال رہے کہ پاکستان آنے کے خواہش مند سیاحوں نے آن لائن ویزے کا استعمال شروع کر دیا ہے، 2249 سیاحوں نے ویزے کے لیے درخواستیں دے دی ہیں، درخواست گزاروں میں جرمنی، اٹلی، نیوزی لینڈ، فن لینڈ کے سیاح شامل ہیں۔
اس سلسلے میں 175 ممالک سے درخواستیں نادرا کو موصول ہو چکی ہیں۔