کراچی: ملیر کھوکھرا پار میں پانی کا کنکشن کاٹنے پر سندھ ہائی کورٹ نے واٹر بورڈ حکام سے جواب طلب کرلیا، 16 جولائی تک مفصل جواب جمع کرانے کی ہدایت کردی۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق ملیر کھوکھرا پار میں پانی کا کنکشن کاٹنے کے معاملے پر سندھ ہائی کورٹ کی جانب سے واٹر بورڈ حکام سے جواب طلب کرلیا گیا ہے، عدالت نے حکم دیتے ہوئے کہا کہ 16 جولائی تک مفصل جواب جمع کرایا جائے۔
وکیل نے عدالت میں بتایا کہ بغیر نوٹس پانی کے کنکشن کاٹے گئے، جس سے 20 سے 25 ہزار لوگ متاثر ہوئے ہیں، وکیل نے انکشاف کیا کہ ایک کروڑ 76 لاکھ روپے بھی چالان کی مد میں جمع کرا چکے ہیں۔
عدالت نے واٹر بورڈ کے وکیل سے استفسار کیا کہ بتائیں کب تک جواب جمع کرائیں گے، جس پر واٹر بورڈ کے وکیل نے عدالت سے 15 روز کی مہلت مانگی، عدالت نے حکم دیا کہ پانی کا معاملہ ہے ایک ہفتے میں جواب جمع کرائیں۔ عدالت نے کیس کی سماعت 16 جولائی تک ملتوی کر دی ہے۔