کراچی : پولیس نے کراچی کے ساحل پر کارروائی کرکے آن لائن منشیات فروشی میں ملوث ملزم کو گرفتار کرلیا، ملزم کے قبضے سے دو کلو سے زائد منشیات برآمد کرلی۔
تفصیلات کے مطابق سی ویو پولیس چوکی کے اہلکاروں نے کارروائی کرکے اظہار نامی منشیات فروش کو گرفتار کرلیا، پولیس حکام کا کہنا ہے کہ گرفتارملزم آن لائن منشیات فروشی میں ملوث ہے۔
ملزم کے قبضے سے دو کلو سے زائد منشیات برآمد کی گئی ہے، ملزم ڈیفنس اور کلفٹن سمیت شہر کے پوش علاقوں میں منشیات فروخت کرتا تھا۔
پولیس کے مطابق ملزم اظہار اسکول، کالج اور جامعات کے طلبہ کو بھی منشیات کی سپلائی میں ملوث ہے، ملزم دو سال سے زائد عرصے سے منشیات فروشی کررہا تھا۔
ملزم نے منشیات سپلائی کیلئے نصف درجن سے زائد رائیڈرز بھی رکھے ہوئے تھے، گرفتار ملزم کی نشاندہی پر اس کے دیگر ساتھیوں کی تلاش جاری ہے،ملزم اظہار کیخلاف مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔