اسلام آباد: معاون خصوصی فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی درخواست پر وزیراعظم عمران خان نے ایران کا دورہ کیا تھا۔
ایک بیان میں فردوس عاشق اعوان نے بتایا کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے وزیراعظم کو درخواست کی تھی کہ ایران سے بات چیت کریں اور امریکی صدر کی درخواست پر ہی وزیراعظم نے ایران کا دورہ کیا تھا۔
معاون خصوصی نے کہا کہ خطے میں امن کی شمع روشن کرنے کیلئے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کا اہم کردار رہاہے جب کہ پاکستان کا خطے میں امن کیلئے کلیدی کردار آگے بڑھ ررہاہے۔
فردوس عاشق اعوان کا مزید کہنا تھا کہ سول اور ملٹری لیڈر شپ مل کر پاکستان کے مفاد کا تحفظ کریں گی۔
واضح رہے کہ گزشتہ سال اکتوبر میں وزیراعظم عمران خان نے ایران اور سعودی عرب میں کشیدگی کم کرنے کے لیے ان ممالک کے ہنگامی دورے کیے تھے۔
دورہ ایران میں وزیراعظم عمران خان نے ایرانی صدر حسن روحانی سے ملاقات کی تھی جس میں وزیراعظم کا کہنا تھا کہ پاکستان ایران سے دو طرفہ تعلقات کو انتہائی اہمیت دیتا ہے، پاکستان خطے میں امن اور استحکام کے لیے اپنا کردار ادا کرنے کو تیار ہے۔