واشنگٹن: امریکی وزیر خارجہ نے اعلان کیا ہے کہ داعش تنظیم کے آزاد رہنماؤں کا مقام معلوم کر کے انہیں ہزیمت سے دوچار کیا جائے گا۔
تفصیلات کے مطابق داعش کے سربراہ ابوبکر البغدادی کا پانچ برس بعد نیا ویڈیو بیان سامنے آیا جس کے امریکا سمیت دنیا بھر میں کھلبھلی مچ گئیں وہی امریکا کو بھی پریشانی شروع ہوگئی۔
امریکا کی انتظامیہ نے اس عزم کا اظہار کیا ہے کہ داعش تنظیم کے آزاد رہنماؤں کا پتہ چلا کر انہیں ہزیمت سے دوچار کیا جائے گا، ابوبکر البغدادی سمیت تمام شرپسندوں کو جلد از جلد کیفر کردار تک پہنچایا جائے گا۔
امریکی وزارت خارجہ کے ترجمان نے ایک بیان میں کہا کہ شدت پسند تنظیم کے خلاف امریکا کی زیر قیادت بنایا جانے والے بین الاقوامی اتحاد پوری دنیا میں لڑے گا تا کہ ان دہشت گردوں کو دائمی شکست دی جاسکے اور تنظیم کی جو قیادت ابھی تک آزاد پھر رہی ہے اسے عدالت کے کٹہرے میں پہنچایا جائے۔
مزید پڑھیں: داعش کے سربراہ ابوبکر البغدادی 5 سال بعد ویڈیو میں منظر عام پر آگئے
اعلامیے میں کہا گیا کہ داعش کے تمام اراکین کو عدالتوں سے وہ سزائیں دلوائی جائیں گی جس کے وہ مستحق ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ امریکی حکومت کے تجزیہ کار البغدادی کی وڈیو ریکارڈنگ کا جائزہ لیں گے اور اسے انٹیلی جنس ایجنسیوں کو پیش کریں گے تا کہ اس کی تصدیق ہو سکے۔
ترجمان کے مطابق عراق اور شام میں داعش کی ہزیمت اس تنظیم کے لیے جان لیوا اور نفسیاتی ضرب تھی کیونکہ اُن کی نام نہاد خلاف کا خاتمہ ہوا جبکہ شدت پسند تنظیم کی قیادت یا تو ماری گئی یا پھر چند بچ جانے والے رہنما چھپ گئے۔
داعش کے خلیفہ کی اس نئی ویڈیو ریکارڈنگ سے ان کی موت کے تمام دعوے بھی جھوٹ ثابت ہوئے ہیں۔ گذشتہ برسوں کے دوران میں روسی اور امریکی حکام نے متعدد مرتبہ شام اور عراق میں فضائی حملوں میں ان کی ہلاکت کے دعوے کیے تھے لیکن کسی مستند ذریعے سے ان کی موت کی تصدیق نہیں ہوئی تھی۔
یاد رہے شامی جمہوری فورسز(ایس ڈی ایف) نے امریکا کی قیادت میں اتحاد کی فضائی مدد سے گذشتہ ماہ داعش کے اس آخری مضبوط مرکز پر قبضہ کر لیا تھا اور وہاں سے سینکڑوں کی تعداد میں داعش کے جنگجو پکڑے گئے تھے یا انھوں نے خود ہتھیار ڈال دیے تھے۔