منگل, مئی 13, 2025
اشتہار

ڈیڑھ فٹ کے بکروں نے عوام کو اپنی جانب متوجہ کر لیا

اشتہار

حیرت انگیز

کراچی: شہر قائد کی مویشی منڈی میں ڈیڑھ فٹ کے بکروں نے عوام کو اپنی جانب متوجہ کر لیا۔

تفصیلات کے مطابق عید الاضحیٰ پر قربانی کی غرض سے سجائی جانے والی منڈی میں طرح طرح کے جانور پہنچنے لگے ہیں، نوشہرو فیروز سے آنے والے بکروں نے بھی منڈی میں دھوم مچا دی ہے۔

پستہ قد بکروں، جنھیں چھوٹو، منا بھائی اور بالی کا نام دیا گیا ہے، کی منڈی میں جیسے ہی انٹری ہوئی، خریداری کے لیے آنے والے شہریوں کی دل چسپی کا مرکز بن گئے۔

ٹاپروں کے شوقین بھی منڈی پہنچ گئے ہیں، بلاک 7 بکرا منڈی میں بونے بکروں کے گرد خواتین اور بچوں کا رش رہنے لگا ہے۔

بکروں کے بیوپاری عبدالرزاق نے بتایا کہ چھوٹو اور منا بھائی کا وزن ڈیڑھ من اور قیمت 2 لاکھ 50 ہزار مانگ رہے ہیں، جب کہ بالی ایک من وزنی ہے، اور اس کی میں قیمت ایک لاکھ 80 ہزار طلب کر رہا ہوں۔

واضح رہے کہ منڈی لائے جانے والے جانوروں کی تعداد ایک لاکھ سے تجاوز کر گئی ہے، ایڈمنسٹریٹر مویشی منڈی مظفر حسن کا کہنا ہے کہ مویشی منڈی میں شہریوں کا رش بدستور بڑھ رہا ہے، اور جانوروں کی آمد کے سلسلے میں بھی تیزی آ گئی ہے۔

ادھر میرپور خاص سے گلابی نسل کے 5 من وزنی بکرے بھی عوام کی توجہ کا مرکز بن گئے ہیں، ان بکروں کی قیمت 10 لاکھ طلب کی جا رہی ہے، بیوپاری کا کہنا ہے کہ ان بکروں کی مرغوب غذا دودھ، مکھن، تیل، گندم، اور مکئی ہے۔

بیوپاری کے مطابق 2 سال سے چارے کی قیمت میں 3 گنا اضافہ ہونے کی وجہ سے بکروں کی ہر چیز مہنگی ہو چکی ہے، اس لیے ہم بھی لاگت کے حساب سے قیمت طلب کر رہے ہیں۔

اہم ترین

انجم وہاب
انجم وہاب
انجم وہاب اے آر وائی نیوز سے وابستہ ہیں اور تجارت، صنعت و حرفت اور دیگر کاروباری خبریں دیتے ہیں

مزید خبریں