میڈرڈ: اسپین کے شہر بارسلونا میں دو مسافر ٹرینوں کے درمیان خوفناک تصادم کے نتیجے میں ایک خاتون ہلاک اور 100 افراد زخمی ہوگئے۔
غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق اسپین کے شہر بارسلونا میں 2 مسافر ٹرینوں کے درمیان تصادم کے نتیجے میں 26 سالہ خاتون ہلاک اور 100 افراد زخمی ہوگئے، ابتدائی تحقیقات کے مطابق حادثہ ٹرین سگنل میں خرابی کے باعث پیش آیا۔
حادثے کے بعد امدادی ٹیموں نے ہلاک اور زخمیوں کو فوری طور پر قریبی اسپتال منتقل کیا، اسپتال انتظامیہ کے مطابق حادثے میں زخمی ہونے والے متعدد افراد کی حالت تشویش ناک ہے۔
مزید پڑھیں: ڈنمارک، ٹرینوں میں تصادم، 6 افراد ہلاک، 16 زخمی
رپورٹ کے مطابق حادثے میں ہلاک ہونے والی 26 سالہ خاتون ٹرین کی کنڈیکٹر تھیں، حادثے کی مزید تحقیقات جاری ہیں۔
اسپین کی حکومت کی جانب سے حادثے پر افسوس کا اظہار کیا گیا ہے اور زخمیوں کو ہر ممکن امداد فراہم کرنے کی ہدایت کی ہے۔
محکمہ ریلوے کے ترجمان کا کہنا ہے کہ اسی ٹریک پر دو ماہ قبل بھی مسافر ٹرینوں کے درمیان تصادم ہوا تھا جس میں متعدد افراد زخمی ہوئے تھے۔