راولپنڈی : بچوں کی اسکول وین پر نامعلوم افراد کی فائرنگ سے ڈرائیور زخمی ہوگیا، تاہم گاڑی میں سوار بچے محفوظ رہے۔
تفصیلات کے مطابق راولپنڈی میں اڈیالہ روڈ ڈھوک راجگان میں نامعلوم ملزمان کی جانب سے بچوں کی اسکول وین پر فائرنگ کی گئی ،فائرنگ سے اسکول وین کا ڈرائیور شدیدزخمی ہوگیا جبکہ وین میں سوار بچے محفوظ رہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمان فائرنگ کے بعد موقع سے فرار ہوگئے، فائرنگ سے زخمی ہونے والے ڈرائیور کو پیٹ میں چار گولیاں لگیں جسے تشویشناک حالت میں ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹرز اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔
پولیس کے مطابق ابتدائی طور پر معاملہ ذاتی دشمنی کا معلوم ہوتا ہے، سی سی ٹی وی فوٹیج سے بھی مدد لی جارہی ہے۔
آئی جی پنجاب نے راولپنڈی میں اسکول وین پرفائرنگ کا نوٹس لیتے ہوئے آر پی او راولپنڈی سے واقعےکی رپورٹ طلب کرلی اور ملزمان کو جلد گرفتار کرکے سخت قانونی کارروائی کا حکم دے دیا۔