راولپنڈی: صوبہ پنجاب کے شہر راولپنڈی کے علاقے صدر بڑا بازار کے قریب دھماکا ہوا جس کے نتیجے میں ایک شخص جاں بحق اور 10 زخمی ہوگئے۔
اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق راولپنڈی صدر بڑا بازار کوئلہ سینٹر کے قریب دھماکا ہوا جس کے نتیجے میں ایک شخص جاں بحق اور 10 زخمی ہوگئے، دھماکا خیز مواد الیکٹرک پول کے ساتھ نصب کیا گیا تھا۔
دھماکے میں جاں بحق ہونے والے شخص کی شناخت عارفین کے نام سے ہوئی ہے، مقتول سبزی اور فروٹ کی ریڑھی لگاتا تھا۔
دھماکے میں زخمی ہونے والے افراد کو فوری طور پر طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کیا گیا، زخمیوں میں تین کی حالت تشویشناک بتائی گئی ہے۔
زخمیوں میں 3 بچوں عباس، سفیان، ولی سمیت عمران ولد اقبال، شمریز ولد یعقوب، ناصر ولد افسر، شاہد ولد علی محمد، خدا بخش ولد فیض بخش، حماد ولد بلال، احمد دین ولد نور دین شامل ہیں۔
ایس ایس پی آپریشنز طارق ولایت کا کہنا ہے کہ دھماکے کی نوعیت سے متعلق بم ڈسپوزل اسکواڈ اور دیگر ماہرین تحقیقات کررہے ہیں۔
دوسری جانب سی ٹی ڈی نے دھماکے کی ابتدائی رپورٹ جاری کردی، ترجمان سی ٹی ڈی کا کہنا ہے کہ دھماکے میں کسی قسم کے بال بیرنگ استعمال نہیں ہوئے۔
سی ٹی ڈی کے مطابق دھماکے میں پھلوں کا ٹھیلا اور 2 موٹر سائیکلیں تباہ ہوئیں، دھماکے میں ایک شخص جاں بحق اور 10 افراد زخمی ہوئے۔
ترجمان سی ٹی ڈی کا کہنا ہے کہ ابتدائی اطلاعات کے مطابق لوکل ڈیوائس سے دھماکا خیز مواد تیار کیا گیا، دھماکے میں استعمال دیگر مواد سے متعلق لیب رپورٹ آنےکے بعد پتا چلے گا۔