اسلام آباد: وفاقی وزارتِ مذہبی امور کے ترجمان نے کہا ہے کہ ایک لاکھ 35 ہزار 834 عازمین مناسک حج کی ادائیگی کے لیے سعودی عرب پہنچ گئے جن میں سے اب تک 13 کی اموات ہوچکیں۔
ترجمان وزارتِ مذہبی امور کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق سرکاری اسکیم کے تحت 93 ہزار 613 عازمین حج مکہ المکرمۃ جبکہ پرائیوٹ کوٹے سے 42 ہزار 221 فرزندانِ توحید سعودی عرب پہنچے۔
اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ سعودی عرب میں پاکستانیوں کی خدمت کے لیے تعینات عملہ اُن کو ہر قسم کی مدد فراہم کررہا ہے ، اب تک 1597 عازمین کا گمشدہ سامان تلاش کر کے اُن کے حوالے کیا گیا جبکہ 212 راستہ بھولنے والے لوگوں کو اُن کی رہائش گاہ تک پہنچایا۔
مزید پڑھیں: پاکستانی نوجوانوں کا کارنامہ،لاپتہ عازمینِ حج کو ڈھونڈنے والی موبائل ایپ تیار کرلی
ترجمان کے مطابق 551 ڈاکٹرز، پیرا میڈیکل اسٹاف عازمین کی طبی سہولتوں کے لیے 24 گھنٹے ڈیوٹیاں انجام دے رہاہے جبکہ پاکستان حج میڈیکل مشن سے اب تک 62 ہزار 2سو 99 لوگوں سے استفادہ کیا۔
وفاقی مذہبی امور کے ترجمان کا کہنا تھا کہ ’سعودی عرب پہنچنے والے ایک لاکھ35 ہزار 834 عازمین سے اب تک 13 افراد کا انتقال ہوچکا جن میں سے 12 کی طبعی اور 1 کی ٹریفک حادثے میں موت واقع ہوئی‘۔
ترجمان کے مطابق سعودی عرب میں تعینات پاکستانی عملے کی جانب سے اب تک 725 عازمین کو وہیل چیئرز جاری کی گئیں تاکہ وہ آرام و سکون کے ساتھ عبادات کرسکیں۔
یہ بھی پڑھیں: سعودی عرب میں پاکستانی سفیرکا ’حج مشن‘ کے انتظامات پراظہارِاطمینان
واضح رہے کہ رواں سال پاکستان سے کل ایک لاکھ اناسی ہزار دو سو دس (179,210)عازمین فریضہ حج ادا کریں گے، جن میں سے ایک لاکھ بیس ہزار سرکاری اسکیم جبکہ انسٹھ ہزار دو سو دس ( 59,210) افراد نجی اسکیم کے تحت فریضہ حج ادا کریں گے۔
خیال رہے کہ پی آئی اے کی جانب سے رواں سال بھی حج آپریشن کے سلسلے میں خصوصی اقدامات کیے گئے ہیں، قومی ایئرلائن کے حج آپریشن کے دوران بوئنگ 777 اور ائیربس 320 طیارے عازمین حج کو سفری سہولیات فراہم کر رہی ہیں۔
عازمین حج کی سعودی عرب روانگی 14 جولائی سے شروع ہوئی جو 15 اگست تک جاری رہے گی جبکہ فریضہ مقدسہ کی ادائیگی کے بعد حاجیوں کی واپسی کے لیے آپریشن 27 اگست سے شروع ہوگا۔