کراچی: وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کا کہنا ہے کہ لیاری ایکسپریس وے کے دونوں اطراف ایک ملین درخت لگائیں گے۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کراچی میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ لیاری ایکسپریس وے کے اطراف ایک ملین درخت لگائیں گے، یہ ایک ایسا عمل جس کے اثرات مستقبل میں آئیں گے۔
مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ سندھ میں ترقیاتی منصوبوں کو مکمل کر رہے ہیں، سندھ حکومت کے خلاف سازشیں جاری ہیں، ہمارے لیے قبر کھودنے کی کوشش کر رہے تھے خود گر گئے۔
انہوں نے کہا کہ سرکاری افسر کچھ کہے تو ٹھیک ،میں بولوں تو کہتے ہیں آپ نے یہ کہا تھا، کیا الٹی گنگاصرف سندھ کے لیے بہتی ہے۔
یاد رہے کہ گزشتہ ہفتے وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے سندھ اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا تھا کہ یہ سندھ اسمبلی عوام کے منتخب کردہ لوگوں کی ہے، عوام کے منتخب کردہ ایوان نے آئی جی سندھ کو مسترد کر دیا ہے۔
وزیراعلیٰ سندھ کا کہنا تھا کہ سندھ حکومت قانون کے تحت آگے کام کرتی ہے، اپنی ٹیم کا انتخاب کرنا آئینی طور پر سندھ حکومت کا اختیار ہے۔