غزہ: فلسطین میں اسرائیلی فوج کی جارحیت تھم نہ سکی، فائرنگ سے ایک اور فلسطینی شہید اور سینکڑوں مظاہرین زخمی ہوگئے۔
تفصیلات کے مطابق غزہ میں قابض صہیونی فوج نے ایک بار پھر پُر امن نہتے فلسطینیوں کو پر اندھا دھند فائرنگ اور آنسو گیس کے شیل فائر کیے جس کے نتیجے میں ایک پچیس سالہ نوجوان موقع پر شہید ہوگیا۔
فلسطینی وزارت صحت کے مطابق فائرنگ کے نتیجے میں دوسو بیس سے زائد افراد زخمی بھی ہوئے، اس سے قبل بھی اسرائیلی فوج نے ایک فلسطینی نوجوان کو شہید کیا تھا۔
وزارت صحت کا کہنا ہے کہ غزہ کی پٹی میں کچھ ماہ سے جاری فلسطینی احتجاج میں اسرائیلی فورسز کے ہاتھوں ایک سو چھپن فلسطینی شہید ہو چکے ہیں۔
اسرائیل اور حماس کے درمیان جنگ بندی کے معاہدے پر مشاورت
دوسری جانب فلسطین میں قابض اسرائیلی فوج اور غزہ کی جہادی تنظیم حماس کے درمیان جنگ بندی کے معاہدے پر مشاورت کا امکان ہے، اسی لیے حماس کی اعلیٰ قیادت غزہ میں موجود ہے۔
خیال رہے کہ ایسا پہلی بار ہورہا ہے کہ حماس کی تمام اعلیٰ قیادت غزہ میں موجود ہے، تاہم اسرائیلی نے کسی بھی قسم کا حملہ نہ کرنے کی یقین دہانی کرائی ہے۔
یاد رہے کہ گذشتہ دنوں قابض اسرائیلی فورسز نے نماز جمعہ کے بعد مسجد اقصیٰ پر دھاوا بولا، اسرائیل فورسز اور نمازیوں میں جھڑپوں کے دوران 15 افراد زخمی ہوئے تھے، نمازیوں پر آنسو گیس کی شیلنگ، پیلٹ گن کا استعمال کیا گیا تھا۔