کوئٹہ : صوبہ بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے ایک پولیس اہلکار شہید جبکہ دوسرا زخمی ہوگیا۔
تفصیلات کے مطابق کوئٹہ میں سریاب روڈ پر پولیس اہلکار معمول کے گشت پر تھے کہ نامعلوم افراد نے فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں ایک پولیس اہلکار شہید جبکہ دوسرا زخمی ہوگیا۔
ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ فائرنگ میں زخمی ہونے والے اہلکار کو اسپتال منتقل کردیا گیا ہے جہاں اسے طبی امداد دی جارہی ہے۔
فائرنگ کے بعد علاقے میں خوف وہراس پھیل گیا جبکہ سیکورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کردیا۔
خیال رہے کہ گزشتہ ماہ 17 دسمبرکو صوبہ بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ میں زرغون روڈ پر چرچ میں خودکش دھماکے اور فائرنگ کے نتیجے میں 9 افراد جاں بحق جبکہ 35 افراد زخمی ہوگئے تھے۔
کوئٹہ فائرنگ: ایس پی محمد الیاس، اہلیہ ، بیٹے اور بھائی کی شہادت
یاد رہے کہ 17 نومبر 2017 کو کوئٹہ میں نامعلوم مسلح افراد کی گاڑی پر فائرنگ کے نتیجے میں ایس پی محمد الیاس اہلیہ، بیٹا اور بھائی سمیت شہید جبکہ پوتی زخمی ہوگئی تھی۔