میاں چنوں: وزیرِ اعلٰی پنجاب عثمان بزدار کی آمد پر ٹی ایچ کیو اسپتال میں خصوصی پروٹوکول کے باعث ایک سال کی بچی ڈاکٹرز کی توجہ نہ ملنے کے سبب جاں بحق ہو گئی۔
تفصیلات کے مطابق وزیرِ اعلٰی پنجاب عثمان بزدار کی آمد پر ٹی ایچ کیو اسپتال میں شدید رش ہو گیا، جس کے باعث ایمرجنسی میں موجود ایک سال کی بچی جاں سے ہاتھ دھو بیٹھی۔
بچی کی والدہ نے الزام لگایا کہ وزیرِ اعلٰی پنجاب کی آمد کے بعد ڈاکٹرز نے بچی پر توجہ نہیں دی، ڈاکٹرز وزیرِ اعلٰی پنجاب کے پروٹوکول میں لگے رہے، بچی کے علاج پر کسی نے توجہ نہیں دی۔
دوسری طرف ڈاکٹرز نے اپنا مؤقف دیا ہے کہ بچی کو کوئی ایسی ایمرجنسی لاحق نہیں تھی بلکہ وہ تھیلسیمیا کی مریض تھی۔
خیال رہے کہ وزیرِ اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے آج ٹی ایچ کیواسپتال کا دورہ کیا تھا، میاں چنوں کے دورے کے موقع پر وہ اپنے دوست کے گھر بھی گئے، جہاں انھوں نے دوست کے والد کی وفات پر تعزیت کی۔
پہلے 100 دن میں صحت کے محکمے میں انقلابی تبدیلی نظر آئے گی: ڈاکٹر یاسمین راشد
وزیرِ اعلیٰ پنجاب نے پاکپتن کے ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر اسپتال میں ڈاکٹروں کی غفلت کے باعث بچوں کی اموات کا نوٹس لیتے ہوئے حکم جاری کیا ہے کہ انھیں میاں چنوں میں جاں بحق ہونے والی ایک سالہ بچی سے متعلق بھی رپورٹ دی جائے۔
دوسری طرف وزیرِ صحت پنجاب ڈاکٹر یاسمین راشد نے کہا ہے کہ اسپتالوں کی ایمرجنسی کو فعال بنانا ان کی اوّلین ترجیح ہے، گزشتہ روز انھوں نے دعویٰ کیا تھا کہ پہلے 100 دن میں صحت کے محکمے میں انقلابی تبدیلی نظر آئے گی۔