کراچی : کاؤنٹر ٹیرارزم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) نے ملازمین کا ڈیٹا حاصل کرنے کیلئے آن لائن ڈیلیوری سروسز کمپنیوں سے رابطے کا عمل مکمل کرلیا، مفتی عبداللہ حملے میں دہشت گردوں نے آن لائن ڈیلیوری کمپنی کی مشابہت استعمال کی۔
تفصیلات کے مطابق کاؤنٹر ٹیرارزم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) کی جانب سے آن لائن ڈیلیوری اور دیگرسروسز کی چھان بین جاری ہے ، تمام آن لائن سروسز کی جانب سے سی ٹی ڈی سے رابطہ کرلیا گیا ہے۔
مفتی عبداللہ حملے میں دہشت گردوں نے آن لائن ڈیلیوری کمپنی کی مشابہت استعمال کی اور آن لائن کمپنی کا رائیڈر بن کر اسلحہ اور رقوم کی ترسیل کی۔
ڈی آئی جی سی ٹی ڈی عمر شاہد کا کہنا ہے کہ تمام متعلقہ کمپنیوں سے رابطے کا عمل مکمل کرلیا ہے،ہر کمپنی کے پاس ملازمین کا مکمل ریکارڈ موجود ہے، ڈیٹا یکجا کرنے کے لیے تمام کمپنیوں سےمشاورت جاری ہے اور آن لائن کمپنیوں نے مکمل تعاون کا یقین دلایا ہے۔
خیال رہے ڈی آئی جی سی ٹی ڈی عمر شاہد نے 16 نومبر 2020 کو نوٹس لیا تھا اور مفتی عبداللہ حملے میں دہشت گردوں کا فوڈ سپلائی سے مشابہت رکھنے والی موٹرسائیکلیں استعمال کرنے کا انکشاف کرتے ہوئے بتایا کہ را اس نیٹ ورک کو آپریٹ کرتی ہے۔
عمرشاہد کا کہنا تھا کہ بھارتی ایجنسی را اور دیگرغیرملکی ایجنسیوں کے لیے کام کر رہا تھا، مولانا پر حملہ فرقہ ورانہ فسادات کرانے کے لیے تھے، ٹارگٹ کلر ڈلیوری بوائے کے روپ میں اسلحے اور پیسے کی لین دین کررہے تھے۔