جمعرات, جنوری 2, 2025
اشتہار

آن لائن فٹنس ٹیسٹ تمام کھلاڑیوں کے لیے چیلنج ہوگا: اظہر علی

اشتہار

حیرت انگیز

لاہور: قومی ٹیسٹ ٹیم کے کپتان اظہر علی نے کہا ہے کہ آن لائن فٹنس ٹیسٹ تمام کھلاڑیوں کے لیے چیلنج ہوگا، لاک ڈاؤن میں بھی فٹنس کا خیال رکھنا لازمی ہے۔

اے آر وائی نیوز کے مطابق کپتان اظہر علی نے ویڈیو کانفرنس کرتے ہوئے کہا ہے کہ ڈیپارٹمنٹ کرکٹ کی بحالی کی خبریں سن رہے ہیں، اس سے بہت فائدہ ہوگا، پی سی بی نے آن لائن فٹنس ٹیسٹ کا اعلان کیا ہے، یہ تمام کھلاڑیوں کے لیے چیلنج ہوگا۔

اظہر علی کا کہنا تھا طویل وقفے کے بعد کرکٹ میں واپسی مشکل ہوگی، ہم اپنے طور پر کوشش کر رہے ہیں کہ خود کو فٹ اور متحرک رکھ سکیں، کوشش کریں گے کچھ پریکٹس میچز ہو جائیں،ہمیں معلوم نہیں یہ وقفہ کتنا طویل ہوگا۔

- Advertisement -

انھوں نے کہا لاک ڈاؤن میں جو لوگ بلا وجہ باہر نکل رہے ہیں ان پر افسوس ہے، صرف دوسروں نہیں اپنے آپ سے بھی بچنے کی ضرورت ہے، بلاوجہ باہر نکلنے کی بجائے اہل خانہ کے ساتھ وقت گزاریں۔

کھلاڑیوں کے ساتھ رابطے میں ہیں، ٹریننگ کرا رہے ہیں: مصباح الحق

اظہر علی نے کہا قومی ٹیسٹ ٹیم کے حوالے سے مطمئن ہوں، آسٹریلیا کا دورہ بہتر آغاز نہیں تھا، بنگلادیش اور سری لنکا کے خلاف فتوحات خوش آیند ہیں، وہاب ریاض، محمد عامر نے بہت عرصہ پاکستان کے لیے ٹیسٹ کرکٹ کھیلی، سینئر کھلاڑیوں کے نہ ہونے سے نوجوان کھلاڑیوں کو موقع ملا، نوجوان فاسٹ بولرز نے بہترین پرفارمنس کا مظاہرہ کیا، امید ہے 6 سے 8 ماہ میں بہترین بولنگ اٹیک بن جائے گا۔

کپتان قومی ٹیسٹ ٹیم کا کہنا تھا پاکستان کو کافی عرصے سے ٹیسٹ کرکٹ کم مل رہی ہے، پاکستان کو سال میں زیادہ سے زیادہ 10 ٹیسٹ میچز ملتے ہیں، امید ہے ان میں مزید کمی نہیں ہوگی۔ انھوں نے مزید کہا اسپاٹ فکسنگ میں ملوث کھلاڑیوں پر اپنے مؤقف پر قائم ہوں، پی ایس ایل نہ کھیلنے کا دکھ ہے، لیکن فرنچائز پر منحصر ہے کہ وہ کس کھلاڑی کا انتخاب کرتے ہیں۔

خیال رہے کہ لاک ڈاؤن کے دنوں میں پی سی بی نے کھلاڑیوں کے لیے فٹنس ٹیسٹ کی تاریخ کا اعلان کیا ہے، ڈومیسٹک اور انٹرنیشنل سینٹرل کنٹریکٹ میں شامل کھلاڑیوں کے فٹنس ٹیسٹ 20 اور 21 اپریل کو وڈیو لنک کے ذریعے لیے جائیں گے، ٹیسٹ میں کھلاڑیوں کو ایک منٹ میں 60 پش اپ اور 50 سٹ اپ لگانے ہوں گے۔

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں