ریاض: سعودی وزیر صحت کا کہنا ہے کہ مملکت کے تمام شہریوں کو صحت کی سہولیات فراہم کرنے کے لیے آن لائن خدمات کا دائرہ کار وسیع کیا جارہا ہے، تمام شہریوں کو گھر بیٹھے ڈاکٹر کی خدمات حاصل ہوسکیں گی۔
سعودی ویب سائٹ کے مطابق سعودی وزیر صحت توفیق الربیعہ نے انٹرنیشنل ڈیجیٹل ہیلتھ کانفرنس اور نمائش کے آن لائن افتتاح سے خطاب کرتے ہوئے بتایا کہ وزارت صحت نے موعد ایپ شروع کی ہے، اس کے ذریعے مریض معائنے اور علاج کے لیے تاریخ اور وقت حاصل کر پاتے ہیں۔
سعودی وزیر صحت کا کہنا تھا کہ ڈیجیٹل ہیلتھ سعودی عرب کی پہلی ترجیح ہے، صحت خدمات کو جدید خطوط پر استوار کرنے کے لیے متعدد منصوبے شروع کیے ہیں۔
انہوں نے ڈیجیٹل ہیلتھ پروگراموں کا تذکرہ کرتے ہوئے کہا کہ ہماری وزارت نے جو ایپ متعارف کروائی ہے وہ آن لائن صحت نگہداشت کے حوالے سے بے حد مؤثر ہے۔
وزیر صحت نے بتایا کہ وزارت نے آن لائن دواؤں کی فراہمی کا نظام بھی رائج کیا ہے، وزارت نے اسے وصفتی (میرا نسخہ) کا نام دیا ہے، یہ پروگرام سعودی عرب میں کافی پسند کیا جا رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ آن لائن کلینکس پروگرام کورونا وائرس کی وبا کے زمانے میں شروع کیا تھا، جلد ہی اس پروگرام کو مزید وسعت دی جائے گی۔ اس کے ذریعے مریض ڈاکٹروں سے منظم شکل میں رابطے کر سکیں گے، اس میں مریض سے متعلق تمام معلومات یا اس کے میڈیکل ٹیسٹ کی رپورٹس ڈاکٹر کو مہیا ہوں گی، انہیں دیکھ کر ڈاکٹر مرض کی تشخیص کریں گے۔
وزیر صحت نے مزید بتایا کہ وزارت صحت تمام ایپس کو ایک ایپ میں ضم کرنے کے لیے کوشاں ہے، پروگرام یہ ہے کہ وزارت کی ساری ایپس صحتی ایپ میں ضم کر دی جائیں۔ اس کے ذریعے مملکت بھر میں تمام شہریوں کو صحت خدمات حاصل ہوں گی، سنہ 2021 کے آغاز میں اس کا اجرا متوقع ہے۔