منگل, جون 24, 2025
اشتہار

جانور کی آن لائن خریداری اب اور بھی آسان، لیکن کیسے؟

اشتہار

حیرت انگیز

عید الاضحیٰ کے موقع پر جانوروں کی خریداری جان جوکھوں کا کام ہے جس کیلئے باقاعدہ وقت نکال کر مویشی منڈی جانا، بیوپاریوں سے بھاؤ تاؤ سمیت جیب میں رکھی رقم کی حفاظت کرنا بھی ایک بڑا مسئلہ ہوتا ہے۔

تاہم اب حکومت پنجاب نے شہریوں کے اس بڑے مسئلے کو کافی حد تک آسان کرتے ہوئے جانوروں کی خریداری کے عمل کو آن لائن ادائیگی کے ذریعے ممکن بنا دیا ہے۔

اے آر وائی نیوز کے پروگرام باخبر سویرا میں چیئرمین پنجاب کیٹل مارکیٹ منیجمنٹ ابراہیم طارق شفیع نے ناظرین کو آن لائن خریداری کے حوالے سے تفصیلات بیان کیں۔

انہوں نے بتایا کہ ملکی تاریخ میں پہلی مرتبہ پنجاب حکومت نے سرکاری آن لائن پورٹل کا اجراء کیا، جس کے ذریعے شہری گھر بیٹھے قربانی کے جانور خرید سکیں گے۔

نادرا سے ویری فائیڈ پورٹل پر جانوروں کی تصاویر کے علاوہ ان کی عمر، وزن، اقسام، نسل، قیمت اور دیگر تفصیلات بھی درج ہوں گی، اس پورٹل میں خریدار اور بیوپاری دونوں کے شناختی کارڈ نمبرز شامل کیے جائیں گے۔

اس پورٹل کو خرید و فروخت کے لیے محفوظ بنایا گیا ہے، اب تک ہزاروں افراد اس پورٹل کو ڈاؤن لوڈ کرچکے ہیں، اس میں لوگوں کے وقت اور گاڑیوں کے پیٹرول کی بھی بچت ہوگی اور رقم کیش آن ڈلیوری ہوگی۔

ابراہیم طارق شفیع نے بتایا کہ اگلے سال سے اس میں ڈیبٹ کارڈ اور کریڈٹ کا کارڈ کا آپشن بھی دیا جائے گا۔ اس کے علاوہ اب لائیو اسٹاک ڈیپارٹمنٹ بھی کسانوں کیلئے اس طرح کی سہولیات فراہم کرے گا۔

واضح رہے کہ سرکاری سطح پر جانوروں کی آن لائن خرید و فروخت کے فروغ کی کوششیں تو پہلے بھی بہت بار کی جاچکی ہیں تاہم اب دیکھنا یہ ہے کہ اس بار انتظامیہ کس حد تک خریداروں اور بیوپاریوں کو اس جانب راغب کرنے میں کامیاب ہوپاتی ہے۔

 

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں