بازار جاکر کسی بھی چیز کو مناسب قیمت پر خریدنا کسی کارنامے سے کم نہیں کیونکہ اکثر اوقات ہم معیار یا برانڈ کے نام پر بے وقوف بن جاتے ہیں، اس صورتحال سے بچنے کیلئے اب لوگوں کا رجحان آن لائن خریداری کی جانب بڑھتا جارہا ہے۔
دور جدید میں سائنس اور ٹیکنالوجی کی ترقی نے انسان کو متعدد سہولیات اور آسانیاں فراہم کی ہیں جس میں آن لائن خریداری بھی اہمیت اختیار کرتی جارہی ہے اور آج ہم گھر بیٹھے اپنی پسند کی چیز اپنی دہلیز پر منگوا لیتے ہیں۔
اے آر وائی ڈیجیٹل کے پروگرام گڈ مارننگ پاکستان میں شوبز اداکارہ زہرہ عامر نے شاپنگ سے متعلق اپنے تجربات شیئر کیے اور بتایا کہ وہ شاپنگ کس انداز اور کس طریقے سے کرتی ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ مجھے بازار جاکر خریداری کرنے کا بالکل بھی شوق نہیں تھا اسی لیے مجھے دکاندار سے بھاؤ تاؤ (بارگننگ) کرنا بالکل بھی نہیں آتا، والدہ مجھے زبردستی اپنے ساتھ لے جایا کرتی تھیں کیونکہ ضرورت کی چیز تو بہرحال خریدنی ہی پڑتی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ جب سے آن لائن شاپنگ کا سلسلہ شروع ہوا ہے تو میں بہت سی چیزیں گھر منگوا لیتی ہوں یہ طریقہ مجھے بہت پسند ہے کیوں کہ میں اپنے طور پر کسی بھی چیز پر ریسرچ کرنے بعد اس کا آرڈر دیتی ہوں۔
انہوں نے بتایا کہ مجھے کچھ بھی منگوانا ہو تو دس دن پہلے اس پر کام کرنا شروع کردیتی ہوں، مختلف سائیٹس کا وزٹ کرنے کے بعد مکمل معلومات حاصل کرکے منگواتی ہوں۔