کرک: وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان کا کہنا ہے کہ جولائی تک خیبرپختونحوا کے ہر فرد کے پاس صحت کا انصاف کارڈ ہوگا، وزیراعظم عمران خان اپنے وعدے پورے کررہے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق خیبرپختونخوا کے ضلع کرک میں گیس پراجیکٹ کا افتتاح کردیا گیا ہے۔ وزیراعلیٰ کے پی محمود خان کا گیس پرا جیکٹ افتتاح کے بعد جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہنا تھا کہ ملک کی ابتر معاشی صورت حال سابقہ حکومت کے چوروں کی وجہ سے ہے۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان نے قوم کے ساتھ جو وعدے کیے تھے پورے کر رہے ہیں، قبا ئلی علاقہ جات کے محرو میوں کا بھی ازالہ ہوگا، ساڑھے 9ارب کی لا گت سے کرک منصوبہ گھر گھر گیس فراہم کرے گا۔ 350 ارب سے پشاور سے ڈی آئی خان تک مو ٹر وے تعمیر کریں گے۔
وزیراعظم کا نوٹس ، گیس صارفین کے لئے بڑا ریلیف
محمودخان کا کہنا تھا کہ کرک میں آئل ریفا ئنری پر اس سال کام شروع کریں گے۔ وزیراعلیٰ نے کرک کے تمام اسکولوں کی سولرائز یشن اور اسٹینڈ رائز یشن اور واٹرسپلائی اسکیموں کا بھی اعلان کیا۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کی حکومت غر یب عوام کا سو چتی ہے، عمران خان کے ساتھ کھڑے ہیں۔
ملک بھر میں گیس بحران لیکن خیبر پختون خوا کے لیے بڑی خوش خبری
خیال رہے کہ ترجمان سوئی سدرن گیس کمپنی کا اپنے ایک بیان میں کہنا تھا کہ منصوبے میں کرک، کوہاٹ اور ہنگو کے دیہات کو شامل کیا گیا ہے، ان دیہات میں گیس نیٹ ورک کی تعمیر کے ساتھ ساتھ موجودہ نیٹ ورک کی بحالی بھی کی جائے گی۔
مجموعی ڈسٹری بیوشن نیٹ ورک 2677 کلو میٹر طویل ہوگا، اس منصوبے کی کُل لاگت 9 ارب روپے ہوگی، پہلے مرحلے میں کمپنی 512 کلو میٹر طویل نیٹ ورک بچھائے گی، اور اس سے 48 دیہات کے 19 ہزار صارفین کو فائدہ پہنچے گا۔
خیال رہے کہ ملک میں سردیاں بڑھتے ہی گیس بحران نے پورے ملک کو اپنی لپیٹ میں لے لیا ہے، جس کے باعث گھروں کے چولھے بھی جلنا مشکل ہو گیا ہے۔