جمعہ, ستمبر 13, 2024
اشتہار

آپریشن عزم استحکام کیلیے 20 ارب کی منظوری

اشتہار

حیرت انگیز

اسلام آباد: اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی) نے آپریشن عزم استحکام کیلیے 20 ارب روپے کی منظوری دے دی۔

وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کی زیرِ صدارت ای سی سی کا اجلاس ہوا جس میں ایک لاکھ ٹن چینی برآمد کرنے کی مشروط منظوری دی گئی۔

اجلاس کے بعد اعلامیہ جاری کیا گیا جس کے مطابق چینی برآمد کرنے کی سمری وزارت صنعت و پیداوار نے دی تھی، چینی برآمد کی اجازت کی مدت 45 سے بڑھا کر 60 دن کر دی گئی۔

- Advertisement -

اعلامیے میں بتایا گیا کہ افغانستان کی صورت میں برآمدی رقم پیشگی وصول کی جائے گی، افغانستان سے رقم صرف بینکنگ چینل کے ذریعے وصول کی جائے گی۔

ای سی سی نے وزارت داخلہ کیلیے 276 ملین روپے کی ٹیکنیکل سپلیمنٹری گرانٹ، ریکوڈک منصوبے کی سکیورٹی کیلیے ایف سی کیلیے گرانٹ منظور اور ایف سی بلوچستان کیلیے 1 ارب 95 کروڑ روپے گرانٹ منظور دی۔

اجلاس میں آپریشن عزم استحکام کیلیے 20 ارب روپے کی منظوری دی گئی۔

آپریشن عزم استحکام کی منظوری

جون میں وزیر اعظم شہباز شریف کی زیرِ صدارت وزیر اعظم ہاؤس میں نیشنل ایکشن پلان کی اپیکس کمیٹی کا اجلاس ہوا تھا جس میں ملک میں جاری دہشتگردی کے خلاف عزم استحکام آپریشن شروع کرنے کی منظوری دی گئی تھی،

اجلاس کے بعد اعلامیہ جاری کیا گیا تھا جس کے مطابق فورم نے دہشتگردی کے خلاف جاری مہم کا جامع جائزہ لیا اور انسداد دہشتگردی کی مؤثر حکمت عملی پر زور دیا۔

اعلامیے کے مطابق وزیر اعظم شہناز شریف نے تمام اسٹیک ہولڈرز کے اتفاق رائے سے مہم کو دوبارہ متحرک کرنے کی منظوری دی۔

اجلاس میں انسداد دہشتگردی کی ایک جامع اور نئی حکمت عملی کی ضرورت پر زور دیا گیا تھا۔ فورم نے کہا تھا کہ ملک سے انتہا پسندی اور دہشتگردی کا خاتمہ کیا جائے، انتہا پسندی اور دہشتگردی کے خلاف جنگ پاکستان کی جنگ ہے۔

اعلامیے میں بتایا گیا تھا کہ علاقائی تعاون کے ذریعے دہشتگردوں کیلیے آپریشنل جگہ کو کم کرنے کی کوششیں تیز کی جائیں گی، مسلح افواج کی کوششوں کو تمام قانون نافذ کرنے والے اداروں کی حمایت سے بڑھایا جائے گا، لوگوں کے حقیقی خدشات کو دور کرنا اور انتہا پسندانہ رجحانات کی حوصلہ شکنی کرنے والا ماحول بنانا ہے، مہم کی حمایت میں ایک متحد قومی بیانیہ کو فروغ دینے کیلیے معلومات کی جگہ کا فائدہ اٹھایا جائے گا۔

فورم نے فیصلہ کیا تھا کہ کسی کو ریاست کی رٹ چیلنج کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔

اجلاس میں پاکستان میں چینی شہریوں کیلیے فول پروف سکیورٹی کو یقینی بنانے کے اقدامات کا بھی جائزہ لیا گیا تھا۔ اعلامیے کے مطابق وزیر اعظم شہباز شریف کی منظوری کے بعد متعلقہ محکموں کو نئے ایس او پیز جاری کیے گئے، چینی شہریوں کو جامع سکیورٹی فراہم کرنے کے طریقہ کار میں اضافہ ہوگا۔

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں