شمالی وزیرستان : سیکیورٹی فورسز نے شمالی وزیرستان اور ٹانک میں علیحدہ علیحدہ آپریشن کے دوران فائرنگ کے تبادلے میں مجموعی طور پر 6 دہشت گرد ہلاک کردیے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق شمالی وزیرستان کے علاقے رزمک اور ٹانک کے علاقے منزئی میں خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر آپریشنز کئے گئے، اس دوران دونوں جانب سے شدید فائرنگ کی گئی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق ٹانک کے علاقے منزئی میں سیکیورٹی فورسز اوردہشت گردوں میں جھڑپ ہوئی، فائرنگ کے تبادلے میں 3دہشت گرد مارے گئے، ہلاک دہشت گردوں سے ہتھیاراور گولیاں برآمد ہوئی ہیں۔
دوسری کارروائی میں شمالی وزیرستان کے علاقے رزمک میں سیکیورٹی فورسز اور دہشت گردوں کے دوران جھڑپ ہوئی اس دوران فائرنگ کے نتیجے میں 3 دہشت گرد ہلاک ہوگئے، ہلاک دہشت گردوں کے قبضے سے ہتھیار اور گولیاں برآمد ہوئی ہیں۔
آئی ایس پی آر کے مطابق ہلاک ہونے والے دہشت گرد سیکیورٹی فورسز اور شہریوں کے قتل عام میں ملوث تھے، سیکیورٹی فورسز کی جانب سے ممکنہ دہشت گردوں کیخلاف آپریشن کو مقامی لوگوں نے سراہا، مقامی لوگوں کا دہشت گردی کیخلاف تعاون کے عزم کا اظہار کیا۔