لاہور / کوئٹہ: ملک کے مختلف شہروں میں آپریشن رد الفساد کے تحت پولیس، رینجرز اور حساس اداروں کی کارروائی کے دوران متعدد ملزمان کو گرفتار کر کے بھاری تعداد میں اسلحہ بارود برآمد کرلیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق آپریشن رد الفساد کے تحت دہشت گردوں اور سہولت کاروں کے خلاف چھاپے اور گرفتاریاں تیزی سے جاری ہیں۔
صوبہ پنجاب کی تحصیل جہانیاں میں پولیس اور حساس اداروں کے سرچ آپریشن کے دوران 7 مشکوک افراد گرفتار کر لیے گئے۔ پولیس کے مطابق ملزمان کے قبضہ سے اسلحہ اور منشیات برآمد ہوئیں۔
شیخو پورہ میں رینجرز کے آپریشن کے دوران 15 افغان شہریوں سمیت 25 مشتبہ افراد کو گرفتار کرلیا گیا۔ شاہ کوٹ میں پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے خاتون سمیت 5 افراد گرفتار کرلیے۔
دوسری جانب صوبہ بلوچستان کے شہر ڈیرہ مراد جمالی مں ٹھپل شاہ کے مقام پر پولیس نے جرائم پیشہ افراد کے خلاف آپریشن کیا۔ کارروائی کے دوران حملہ آوروں نے پولیس پر فائرنگ کردی۔
پولیس کی جوابی فائرنگ سے ایک ملزم ہلاک ہوگیا۔